آزادکشمیر انتخابات ، وزیراعظم عمران خان نے سردار تنویر الیاس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کردیں

آزادکشمیر انتخابات ، وزیراعظم عمران خان نے سردار تنویر الیاس سے رپورٹ طلب ...
آزادکشمیر انتخابات ، وزیراعظم عمران خان نے سردار تنویر الیاس سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اہم ہدایات جاری کردیں

  

میانوالی(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے سردار تنویر الیاس کو مہم تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پارٹی امور پر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعظم  عمران خان سے میانوالی میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سردار تنویر الیاس خان نےملاقات کی اور آزادکشمیر کی سیاست اور آمدہ الیکشن بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا  ،وزیر اعظم  نے سردار تنویر الیاس خان کو آزادکشمیر کے آمدہ الیکشن کے لئے پارٹی کی مہم مزیدموثر اور تیز کرنے کی ہدایت کرتےہوئےذمہ داری سونپی  کہ وہ پارٹی کی اب تک کی الیکشن تیاریوں سمیت دیگر تمام اُمور پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں جس کی روشنی میں پارٹی قیادت اہم فیصلے کرے گی ۔

وزیراعظم نے سردار تنویر الیاس خان کو کہا کہ ہم نے آزادکشمیر کے انتخابات  جیتنےہیں خواہ ہمیں سخت اور مشکل فیصلے ہی کیوں نہ کرنا پڑیں،پارٹی تب ہی الیکشن جیت سکے گی جب پارٹی مضبوط اور متحد ہو۔سردار تنویر الیاس خان نے وزیر اعظم کو بتایا کہ آپ کی ہدایت کے مطابق آزادکشمیر میں سیاسی سرگرمیوں اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام شروع کیا ہے، پارٹی میں موجود جمود طویل عرصے بعد ٹوٹ چکا ہے،تحریک انصاف کو آزادکشمیر میں مضبوط کرنے کیلئے پارٹی کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی بہترین کام کر رہے ہیں اور ہم بھی قد آور سیاسی شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت اُنہی کے ذریعے کرا رہے ہیں ۔انہوں نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے پارٹی کو مضبوط اور منظم کرنے کیلئے اپنی مہم تیز کی ہوئی ہے لیکن بد قسمتی سے پارٹی گروپ بندی کا شکار ہوتی نظرآرہی ہے جس کی وجہ سے نہ صرف پارٹی کے اندر کنفوژن ہے بلکہ لوگوں کی شمولیت میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں ، آمدہ الیکشن میں ہمارا مقابلہ حکمران جماعت مسلم لیگ نواز سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے ہے۔

انہوں نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پارٹی میں مزید قد آور اور صاف ستھرے لوگ شامل ہوسکتے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کو میانوالی میں مختلف حکومتی منصوبوں بارے سردار تنویر الیاس خان نے تفصیلی بریفنگ بھی دی جس کو وزیراعظم نےسراہتے ہوئے کہا کہ پنحاب میں آپ جس قدر متحرک ہو کر کام کر رہے ہیں اس سے ہم مطمئن ہیں،ہمیں امید ہے کہ پنجاب کی طرح آپ آزاد کشمیر میں پارٹی کو مضبوط کرنے اور الیکشن میں پارٹی کو جتوانے میں کامیاب ہوں گے ۔اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان آج 10بلین ٹری سونامی پروگرام کے تسلسل میں میانوالی اور غازی بروتھا میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا پودے لگا کر آغاز کیا اور غازی بروتھا میں نوجوانوں کے لیے کرکٹ گراونڈ کا افتتاح بھی کیا۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -میانوالی -