'پاکستان افغانستان میں امن کی کوششوں کو خصوصی اہمیت دیتا ہے' آرمی چیف کی امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر سے گفتگو
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں امن پاکستان کے لیے اہمیت رکھتا ہے اورپاکستان افغانستان میں امن کی کوششوں کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق امریکی سینٹ کام کے نئے کمانڈر جنرل ایف کینتھ مکنزی نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی ، علاقائی سکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی اور افغان مفاہمتی عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ افغانستا ن میں امن پاکستان کے لیے اہمیت رکھتا ہے اور افغان امن عمل کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ ملاقات میں افغان صورتحال کے سیاسی حل کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔ امریکی کمانڈر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔