آج ڈسکہ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن دہرایا گیا  ، رانا ثناءاللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرائیں گے:عثمان ڈار

آج ڈسکہ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن دہرایا گیا  ، رانا ثناءاللہ کے خلاف دہشت گردی کا ...
آج ڈسکہ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن دہرایا گیا  ، رانا ثناءاللہ کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرائیں گے:عثمان ڈار

  

ڈسکہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء عثمان ڈار نے کہا ہے کہ آج ڈسکہ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کو دہرایا گیا ہے،رانا ثناءاللہ اپنے مسلح غنڈوں کے ہمراہ سیالکوٹ میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تاریخ رقم کرنے پہنچے ، پکڑی گئی گاڑی ن لیگ کی ہے،رانا ثناءاللہ اور مسلح غنڈوں کے خلاف دہشت گردی کی ایف آئی آر درج کروائیں گے۔

 نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے  عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ایک پولنگ سٹیشن پر آٹھ سے دس پولیس والے اور دو تین رینجرز کے اہلکار تعینات تھے ،جب آپ سینکڑوں لوگوں کا جتھہ لے کر اسلحہ کے ساتھ آئیں گے اورحملہ آوور ہوں گے تو وہاں آٹھ سے دس پولیس اہلکار کیا کریں گے؟مسلم لیگ ن کا ہمیشہ سے یہی مائنڈ سیٹ رہا ہے ،الیکشن کو لوٹنا ،دھونس ،دھاندلی ،ٹھپے مارنا ن لیگ کا ماضی رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں میڈیا کی وساطت سے چیف الیکشن کمشنر سے سوال کرتا ہوں کہ کہاں گیا آپ کا کوڈ آف کنڈکٹ؟ویڈیوز آ چکی ہیں ،پولیس نے اسلحہ،موٹر سائیکل اور گاڑی بھی برآمد کر لی ہے جو ن لیگ کی ہے، پوری قوم کے سامنے دودھ کا دودھ  اور پانی کا پانی سامنے آ جائے گا کہ کون لوگ گولیاں چلا رہے تھے ؟سب قانون کے کٹہرے میں آئیں گے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران پانچ پولنگ سٹیشنز کے قریب نا معلوم افراد کی فائرنگ سے دو  افراد جاں بحق جب کہ سات زخمی ہوگئے ، جس کے باعث ووٹرز میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -سیالکوٹ -