’جس جگہ ہلاکتیں ہوئیں رانا ثنا اللہ وہاں سے 20 میل دور تھے‘ پولیس لیگی رہنما کو گرفتار کرنے پہنچی تو عثمان ڈار نے تصدیق کردی
وزیر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس کی جانب سے ڈسکہ میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے دوران فائرنگ کے واقعات پر مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان کو گرفتار کرنے کیلئے کمر کس لی گئی ہے لیکن جس پولنگ سٹیشن پر ہلاکتیں ہوئیں لیگی رہنما وہاں سے 20 میل دور بیٹھے ہوئے تھے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جس پولنگ سٹیشن پر ہلاکتیں ہوئیں یا بندے زخمی ہوئے میں اس سے 20 میل دور بیٹھا ہوں۔ ان کی اس بات کی پروگرام میں شریک تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے بھی تصدیق کی۔ جس وقت یہ پروگرام براہ راست نشر کیا جا رہا تھا اس وقت تک پولیس رانا ثنا اللہ خان کو گرفتار کرنے پہنچ چکی تھی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ رانا ثنا اللہ اس وقت مسلم لیگ ن گوجرانوالہ کے ضلعی صدر مستنصر حسین گوندل کے گھر پر موجود ہیں اور پولیس کی بھاری نفری نے ان کے گھر کا گھیراؤ کیا ہواہے۔ گھر کے اندر لیگی رہنما خرم دستگیر، احسن اقبال، مدثر قیوم ناہرہ سمیت دیگر موجود ہیں۔ پولیس نے ضلع بھر سے پولیس کی مزید نفری بھی طلب کرلی ہے جبکہ وزیر آباد شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل کردیے ہیں۔