شدید سردی میں بیٹی سے زبردستی بھیک منگوانے والا باپ گرفتار
پتوکی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پتوکی پولیس نے انسانیت کی بہترین مثال قائم کرتے ہوئے سگی بیٹی سے شدید سردی میں زبردستی بھیک منگوانے والے سنگ دل باپ کو سبق سکھانے کیلئے گرفتار کرتے ہوئے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق آر پی او مرزا فاران بیگ نے بچی کے ساتھ ہونے والے ظلم کی اطلاع ملنے پر فوری پولیس کو کارروائی کا حکم جاری کیا ، سوتیلی ماں سارا دن گھر کے کام کرواتی تھی اور باپ شام کو زبردستی بھیک مانگنے کیلئے باہر بھیج دیتا تھا ، جبکہ روزانہ رات 800 روپے لینے کے بعد ہی بیٹی کو گھر داخلے کی اجازت ملتی تھی ۔پتو کی پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جذبات سے محروم باپ کو گرفتار کر تے ہوئے جیل میں ڈال دیا ۔
ڈی پی او قصور کا کہناتھا کہ ابتدائی تفتیش میں پولیس کو انسانیت سوز انکشافات سننے کے ملے ، سگی ماں کو باپ نے طلاق دے کر گھر سے نکال دیا اور بیٹیوں کو چھین لیا جبکہ ایک بیٹی کو لاہور میں ملازم رکھوا دیا اور دوسری بیٹی سے بھیک شروع کروا دی ،
آر پی او مرزا فاران بیگ نے پولیس کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قابل ستائش ہے ، عوام اور پولیس کا ساتھ معاشرتی برائیوں کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا ۔چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو معاملے کی اطلاع بھی کر دی گئی ہے ۔