لندن میں اپنے باپ کو شیمپین کی بوتل مار کر قتل کرنے والے بھارتی نژاد شخص کو سزا سنادی گئی

لندن میں اپنے باپ کو شیمپین کی بوتل مار کر قتل کرنے والے بھارتی نژاد شخص کو ...
لندن میں اپنے باپ کو شیمپین کی بوتل مار کر قتل کرنے والے بھارتی نژاد شخص کو سزا سنادی گئی
سورس: File

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)  شمالی لندن میں اپنے والد کے سر پر شیمپین کی بوتل مار کر قتل کرنے کے الزام میں مجرم قرار دیے جانے والے ہندوستانی نژاد شخص کو عمر قید کی سزا سنادی گئی ۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق  54 سالہ دیکن پال سنگھ وِگ کو گزشتہ ماہ اولڈ بیلی عدالت میں ایک مقدمے کی سماعت کے بعد مجرم قرار دیا گیا تھا اور جمعہ کو اسی عدالت میں پیرول پر غور کرنے سے پہلے اسے کم از کم 18 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

قتل کی تحقیقات کی قیادت کرنے والے میٹروپولیٹن پولیس کے چیف انسپکٹر  وین جولی نے کہا  'دیکن پال سنگھ وِگ کے اقدامات نے اس کے خاندان کو تباہ کر دیا ہے ، وہ اپنے اعمال کے نتیجے میں جیل میں ایک اہم وقت گزارے گا۔'

میٹ پولیس نے بتایا کہ دیکن پال کے 86 سالہ والد  ارجن سنگھ وِگ  شمالی لندن کے ساؤتھ گیٹ میں ان کے گھر میں رہتے تھے، جہاں اکتوبر 2021 میں پولیس کو  بلایا گیا تھا۔ ایمرجنسی سروسز کی کوششوں کے باوجود ارجن سنگھ  جائے وقوعہ پر ہی ہلاک ہو گئے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ سر پر لگنے والی چوٹ کو قرار دیا گیا تھا۔

موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کے مطابق ارجن سنگھ اپنے بیٹے دیکن کے بیڈ روم میں بے سدھ پڑے ہوئے تھے، ان کے سر میں چوٹ لگی ہوئی تھی جب کہ دیکن پال برہنہ کھڑا تھا، اس کے آس پاس شیمپین کی 100 کے قریب بوتلیں تھیں جن میں ایک بوتل پر خون لگا ہوا تھا۔ اہلکار موقع پر پہنچے تو ملزم نے کہا کہ اس نے اپنے باپ کو شیمپین کی بوتل سے ہلاک کردیا ہے۔