دربار حضرت شیر شاہ ولی ؒ کا 598واں سالانہ عرس شروع
لاہور(فلم رپورٹر) دربار حضرت شیر شاہ ولی ؒکے598ویں سالانہ عرس مبار ک کا آغازو افتتاح، رسم چادر پوشی سے کرتے ہوئے سیکرٹری /چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہررضا بخاری نے کہا کہ صوفیاءخدمتِ خلق کے سب سے بڑے داعی تھے، مصیبت زدہ ترک اور شامی بھائیوں کی امداد وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ خانقاہ انسانی خدمت کا اہم ترین مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ روادارانہ فلاحی معاشرے کی تشکیل کے لئے صوفیاءکے نظامِ فکر وعمل کو اپنانا ہوگا۔
برصغیر میں شرف آدمیت اور تکریم انسانیت کے عنوان کو صوفیا نے عزت اور تقویت بخشی۔ صوفیاء کی خانقاہیں علم اور محبت کے مراکز اور سوسائٹی کے محور تھے، انہوں نے اپنے اخلاق سے مقامی آبادی کو دین کی طرف راغب کیا، اور یہ خطہ دینِ اسلام کے نور سے آراستہ ہوگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم معاشرے میں ایک دوسرے کے لیے فائدہ مند اور نفع بخش بنیں۔اس موقع پرایڈ منسٹریٹر اوقاف بادشاہی مسجد محمد علی خان، منیجر اوقاف عمران تبسم اورمفتی محمد عمران حنفی ضلعی خطیب اوقاف سمیت کثیر تعداد میں زائرین نے شرکت کی سعاد ت حاصل کی۔واضح رہے کہ عرس مبارک کی تقریبات مزید دو روز تک جاری رہیں گی۔