جامعہ کراچی میں اساتذہ کی ہڑتال
جامعہ کراچی کی انجمن اساتذہ نے ہڑتال کر رکھی ہے اور ایسوی ایشن کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیز ترمیمی ایکٹ 2018ءکو ختم کرنے کے ساتھ اساتذہ کے واجبات کی ادائیگی اور جامعہ کی انتظامیہ کارویہ ٹھیک ہونے تک تدریسی عمل کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔خبروں کے مطابق انجمن اساتذہ کا موقف ہے کہ گورنر سندھ کے اختیارات کم کر کے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کا عمل دخل بڑھا یا گیا جبکہ سیکرٹری ایجوکیشن بورڈز اینڈ یونیورسٹیز کی مداخلت سے بھی یونیورسٹیوں کی گورننس کا یہ انتظام ناکام ہو چکا ہے۔ اساتذہ ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے کہ جامعات کو خودمختار اداروں کی حیثیت سے کام کرنے کی اجازت ہوتی ہے جبکہ اِس کی گورننس کے لیے سنڈیکیٹ اور سینیٹ جیسے ادارے وائس چانسلر کی معاونت کرتے ہیں، ریاست کے نمائندہ گورنر، گورنر کے بحیثیت چانسلر اختیارات معطل یا ختم کرنے سے یونیورسٹی کی گورننس مسائل کا شکار ہوئی ہے۔ سندھ حکومت کو اساتذہ کے مطالبات پر غور کرنا چاہیے ، فیصلوں میں بے جا طوالت سے جامعہ میں نہ صرف کشیدگی بڑھ رہی ہے بلکہ طلباءکا قیمتی تعلیمی وقت بھی ضائع ہو رہا ہے۔