ترکیہ،شام زلزلہ،وزیر اعظم کا او آ ئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

ترکیہ،شام زلزلہ،وزیر اعظم کا او آ ئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       انقرہ ،اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں، جنرل رپورٹر ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے ترکیہ میں تباہ کن زلزلے سے جانی و مالی نقصان پر بے حد افسوس ہے، نقصان بہت زیادہ ہے، آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان پہلا ملک ہے جو ترکیہ میں 21 ویں صد ی کے بدترین زلزلے کے بعد مدد کو پہنچا، جتنی بھی امداد کی جائے کم ہے، ترکیہ کی مدد کیلئے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلانا چاہیے، پاکستانی قوم مشکل گھڑی میں ترکیہ کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے، مجھے یقین ہے ترک حکومت اور عوام جلد مشکل سے نکل آئیں گے، بین الاقوامی برادری کو ترکیہ میں بحالی اور تعمیر نو کےلئے کام کرنا چاہیے، انسانیت کی بھلائی سے بڑا کوئی کام نہیں ، کاش ہم کسی خوشی کے موقع پر آئے ہوتے۔بعدازاںوزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکاروں کے وفد نے ملاقات کی، شہباز شر یف نے خیموں کے معیار کے تعین کیلئے وزیر منصوبہ بندی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دےدی، اور ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کےلئے 1 لاکھ 71 ہزار خیمے بھیجنے کی ہدایت کی اور کہا ترکیہ بھیجے جانےوالے خیموں کا بین الاقوامی معیار یقینی بنایا، فوری طور پر ترکیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ پریزیڈنسی سے درکار خیموں کی خصوصیات کے حوالے سے مشاورت کی جائے، ترکیہ میں خیموں کی فوری ضرورت پوری کرنے کیلئے فضائی راستے سے خیمے بھیجے جائیں،خیموں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی جائے، پاکستان میں خیمہ سازی کے صنعتکا ر اس کارِ خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں،اور صنعتکار حکومت کو کم نرخوں پر خیمے فراہم کریں۔ پاکستان، شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے خوراک، گرم کپڑے اور خشک دودھ بھیج رہا ہے، پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کر رہی ہیں۔ ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات دہائیوں پر مبنی ہیں، پاکستان کی معاشی مشکلات کے باوجود ہم ترکیہ کے بہن بھا ئیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔بعدازاںوزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعہ کے تناظر میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا ۔وزیر اعلی سندھ نے وزیراعظم کو کراچی پولیس چیف کے دفتر پر دہشتگردوں کے حملے پر تفصیلات ، حملہ آوروں سے متعلق جمع کئے گئے حقائق سے آگاہ کیا ۔ وزیر اعظم نے کہا اللہ تعالی کا شکر ہے بڑا جانی نقصان یا تباہی نہیں ہوئی،فورسز نے بڑی بہادری سے حملہ آوروں کا خاتمہ کیا،میری طرف سے تمام افسران اور اہلکاروں کو شاباش دیں، دہشتگردی کے خاتمے کےلئے صوبائی حکومتوں کی استعداد کار بڑھانے میں پوری معاو نت کریں گے، وزیراعظم نے بروقت کارروائی اور موقع پر موجود رہنے کے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کے جذبے کی بھی تعریف کی۔دوسری طرف وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی درخواست کی ہے ، یہ درخواست وزیر اعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے کی ، خالد مقبول صدیقی نے جواب میں کہا کراچی اور پنجاب کے سیاسی حالات میں فرق ہے ، اسلئے ایک فیصلہ دونوں جگہ کےلئے موزوں ہونا ضروری نہیں، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان پہلے ہی بلدیاتی انتخابات سے بائیکاٹ کر چکی ہے ، دیکھنا ہوگا ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرنا ایم کیو ایم کیلئے کیسا ہوگا،خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم کو رابطہ کمیٹی کی رائے لینے کے بعد فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا اور رابطہ کمیٹی کا مشاورتی اجلاس جلد بلانے کی یقین دہانی کرائی ۔
وزیراعظم مطالبہ 

مزید :

صفحہ اول -