آئی جی خیبرپختونخوا کی پولیس تنصیبات کی سیکورٹی آڈٹ کرانیکی ہدایت
پشاور(سٹی رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان نے صوبہ بھر کے اعلیٰ پولیس حکام کو تمام پولیس تنصیبات کی سیکیورٹی آڈٹ کراکے اُنہیں مزید مربوط و منظم بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ آج یہاں سنٹر پولیس آفس پشاور سے جاری ہونے والے ایک خصوصی سرکلر میں تمام ریجنل پولیس افسروں و ضلعی پولیس افسروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حدود میں واقع پولیس تنصیبات کی سیکیورٹی نظام کا جائزہ لیں، مستحکم سیکیورٹی میکنزم کے ذریعے تمام تنصیبات اور عمارتوں پر کچھ فاصلے پر دگنی سیکیورٹی کا نظام قائم کریں تاکہ کسی بھی رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعے کی صورت میں آگے سیکیورٹی پر مامور عملہ شرپسندوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔خصوصی سرکلر میں ریجنل اور ضلعی پولیس افسروں کو صوبے میں قائم تمام تربیتی اداروں بشمول پولیس ٹریننگ کالج ہنگو،ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر نوشہرہ،پولیس تربیتی و اسپیشلائزڈ سکولوں کی سیکیورٹی انتظامات بذات خود چیک کرنے اور ان میں موجود خامیوں کوفوری طور پر دور کرنے کے لیے متعلقہ اداروں اور یونٹوں کے عہدیداران کے ساتھ ملکر اقدامات اُٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔آئی جی پی نے کہا کے پولیس اس وقت حالت جنگ میں ہے اورکسی بھی دہشت گرد کاروائی کی صورت میں بھر پور جوابی کاروائی کر نے کے لیے پولیس کو ہروقت مستعد اور چوکنا رہنا ہوگا۔سرکل میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں اور فرائض میں غفلت قطعی طور پر برداشت نہیں کی جائیگی۔