عوام کی معیاری آٹا سہل طریقے سے ملنا چاہیے:محمد علی شاہ
پشاور(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر آفس سیدو شریف میں نگران وزیر برائے مواصلات و تعمیرات محمد علی شاہ کی زیر صدارت سرکاری آ ٹے کی بلاتعطل اور شفاف اور منظم طریقے سے عوام تک پہنچانے کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوات سہیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی، ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران اور محکمہ فوڈ کے حکام شریک ہوئے۔ فوڈ حکام کی جانب سے سرکاری آٹے کی دستیابی، ترسیل اور عوام تک اس کی رسائی سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں آٹا ملز سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیر نے آٹے کی دستیابی کی مسلسل نگرانی کرنے، روزانہ کی بنیاد پر فلور فلز سے سپلائی کی مانیٹرنگ کرنے، معیار اور ناپ تول پر مسلسل نظر رکھنے، ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک اور طریقہ کار سے متعلق عوامی شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے بہتری لانے کے احکامات جاری کئے۔ نگران وزیر محمد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری آٹا سہل طریقے سے ملنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقسیم کے طریقہ کار کو لیکر عوام شکایت کررہے ہیں جس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ویلیج کونسل سطح پر آٹے کی تقسیم شفاف اور بلا کسی تفریق کے کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک بھی قریب ہے اور اس ضمن میں پیشگی اقدامات کی ضرورت ہے۔ نگران وزیر نے فوڈ حکام کو فلور ملز میں صورتحال کی منظم طریقے سے مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیار کے فارمولے کے عین مطابق آٹا فلور ملز سے نکلنا چاہیے اور ملاوٹ کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔