ٹریفک پولیس افسر نے رکشہ چور کر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا

  ٹریفک پولیس افسر نے رکشہ چور کر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


       پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکار نے رکشہ چور کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے رکشہ اصل مالک کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ایک رکشہ ڈرائیور نے فقیر آباد تھانے کی حدود سے رکشہ نمبری (جی بی 7948) چوری ہونے کی شکایت کی تھی جس پر چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے ٹریفک حکام اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ رکشوں پر نظر رکھیں اور مذکورہ نمبر کا رکشہ نظر آنے پر ڈرائیور کو گرفتار کرنے سمیت رکشہ تحویل میں لینے کی ہدایت کی جس پر ٹریفک حکام نے عملدرآمد کرتے ہوئے شہر میں ٹریفک نظام کی روانی یقینی بنانے سمیت رکشوں کے نمبرز چیک کرتے رہے اسی طرح رکشہ ڈرائیورز کے کاغذات بھی چیک کرتے رہے گزشتہ روز عجب گل نامی ٹکٹنگ آفیسر نے ایف سی چوک صدر میں مذکورہ نمبر کے رکشے کو روک کر تحویل میں لے لیا اور ملزم ڈرائیور کو تھانہ غربی کے حوالے کردیا جس پر چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے ٹکٹنگ آفیسر عجب گل کی جانب سے چوری رکشہ برآمد کرنے اور ڈرائیور کو گرفتار کرنے پر انہیں پانچ ہزار روپے نقد انعام دیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے سمیت شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے بھی کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ایک مضبوط فورس ہے جو کسی بھی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور میں بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ ڈیوٹی میں غفلت برتنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔