کے پی اوحملہ ، شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا ، اعلیٰ حکام کی شرکت
کراچی (این این آئی)کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں سے مردانہ وار مقابلے کے دوران شہید ہونیوالے پولیس اہلکاروں غلام عباس اور سعید کی نماز جنازہ جبکہ امجد مسیح کی آخری رسومات سینٹرل پولیس آفس کراچی میں ادا کردی گئی نمازجنازہ میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار،آئی جی سندھ غلام نبی میمن،سینئر صوبائی وزیر سعید غنی،ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اختر اوڈھو کے علاوہ،زونل ڈی آئی جیزکراچی،ڈی آئی جیز،سیکیورٹی، آر آر ایف،سی پیک ضلعی ایس ایس پیز کراچی سی پی او میں تعینات سینئر پولیس افسران و ملازمین اور شہدا ءکے ورثا ءنے شرکت کی۔آئی جی سندھ نے شہدا ءکے ورثا ءسے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکوداد شجاعت دی اور انکی محکمانہ خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا انہوںنے کہاکہ دہشت گردانہ حملے کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہوکر ملک اور سماج دشمن عناصر کو دندان شکن جواب دینا اور انھیں جہنم واصل کرنا اب پولیس کی جرات اور بہادری کا سنہری باب بن چکا ہے۔انہوں نے شہدا کے ورثا کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت پوری سندھ پولیس آپکے ساتھ ہے آپ خود کو ہر گز تنہا نہ سمجھیں آپکی داد رسی کرنا اور مسائل و مشکلات کو حل کرنا محکمہ پولیس سندھ کی ذمہ داری ہے۔آئی جی سندھ نے موقع پر موجود سینئر پولیس افسران کو ہدایات دیں کہ شہدا کے قانونی ورثا کے لیئے مروجہ مراعات کی بابت تمام ترقانونی و دستاویزی امور کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
نماز جنازہ ادا