شام میں اسرائیل کا مبینہ میزائل حملہ، 15افراد جاں بحق، متعدد زخمی

دمشق (ویب ڈیسک) شام کے دارلحکومت دمشق میں اسرائیلی میزائل حملے میں 15افراد جاں بحق اور متعددزخمی ہوگئے تاہم بی بی سی کا کہنا ہے کہ پانچ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے تاہم اسرائیلی فوج نے کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
شام کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’سما‘ کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں ایک پولیس اہلکار اور خاتون بھی شامل ہیں۔ رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ ایرانی کلچرل سنٹرل کے قریب رہائشی عمارت کو نشانہ بنایاگیا جس کے نتیجے میں کئی رہائشی عمارتیں متاثر ہوئیں۔
برطانوی میڈیا نے شام کی فوج کے حوالے سے بتایا کہ اتوار کو ممکنہ طورپر اسرائیلی میزائل نے دمشق اور نواحی علاقے کو نشانہ بنایا۔مرنیوالوں میں ایک اہلکار اور چار سویلین شامل ہیں۔بی بی سی کے مطابق خبررساں ایجنسی رائٹرز کے رابطہ کرنے پر اسرائیلی ملٹری نے اس سلسلے میں تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔