پی ایس ایل 8، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی

ملتان(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 52 رنز سے شکست دے دی ۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور ز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹد کی پوری ٹیم صرف138 سکور بنا کر آوٹ ہو گئی۔
ملتان میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے خلاف پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز شان مسعود اور محمد رضوان نے کیا تاہم شان مسعود رومان رئیس کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر ہی کیچ آؤٹ ہوگئے ، شان مسعود3 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے ۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ڈیوڈملر52 رنز بنا کر نمایاں رہے،کپتان محمد رضوان 50 ، رئیلی روسو36 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان، ٹا م کرن اور رومان رئیس نے ایک ایک وکٹ لی ۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم صرف 138 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے وین در ڈوسن کے علاوہ کوئی بھی خاطر خواہ کھیل پیش نہ کر سکا ۔ ملتان سلطانز کے عباس آفریدی 4 جبکہ احسان اللہ ، اسامہ میر اور محمد الیاس 2،2 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔