عمران خان اگر اپنی رہائی چاہتے ہیں تو غیبت کرنے والوں کو شٹ اپ کال دیں،شیرافضل مروت

اسلام آباد (آ ئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان اگر اپنی رہائی چاہتے ہیں تو غیبت کرنے والوں کو شٹ اپ کال دیں۔ بانی پی ٹی آئی کے ارد گرد ایک منافق ٹولہ ہے جو کہ ہر وقت غیبت کرتا رہتا ہے۔تحریک انصاف کو تقسیم کرنے کے لیے سازش ہو رہی ہے۔ وہ پارلیمنٹ ہاس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بات طے ہے کہ عمران خان کی رہائی کسی بھی صورت میں ممکن نظر نہیں آرہی ہے کیونکہ جماعت کے اندر منافق لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو اسٹیبلشمنٹ سے ملے ہوئے ہیں۔ڈبل گیم کھیلی جا رہی ہے۔جب تک غیبت کا سلسلہ اور عمران خان کے پاس بیٹھ کر چاپلوسوں کا خاتمہ نہیں ہوتا عمران خان جیل سے باہر نہیں ا سکے گا۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان کا میں احترام کرتا ہوں وہ انتہائی زیرک سیاستدان ہے اور عمران خان کے ساتھ مخلص ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے میرے خلاف سازش ہو رہی ہے اور عمران خان کے ساتھ ہمیشہ ایک دھڑا رہتا ہے جو ملاقات کے دوران صرف غیبت کرتا ہے اور مخلص کارکنوں کو جماعت سے نکالنے کے لیے کوششیں کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند لوگ ہیں جو ٹکے کا کام نہیں کرتے ہیں صرف گاڑیوں میں گھومتے ہیں اور عیاشی کرتے ہیں۔میں انہیں الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں بے نقاب کرتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے کیوں نکالا گیا ہے میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جلد ملاقات ہوگی تو اس میں تمام حقائق ان کے سامنے رکھوں گا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اندر عہدوں کے لیے جنگ شروع ہو گئی ہے۔اب میں اپنی تمام کشتیاں جلا کر آیا ہوں اور کسی کو بھی نہیں چھوڑوں گا جو لوگ میرے خلاف بات کریں گے انہیں میں بے نقاب کروں گا۔جماعت کے اندر چند لوگ ہیں جو گماشتوں کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں جماعت کے اندر مقبول ہوں تو اس میں میرا کیا قصور ہے۔لوگوں کی اکثریت مجھے پسند کرتی ہے۔میں کسی بھی طرح یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔میرے پیچھے سوشل میڈیا کی ایک پروپیگنڈا مشین لگا دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان کا یہ کہنا کہ میں عمران خان کی رہائی تک خاموشی اختیار کر لوں ممکن نہیں ہے۔میرے خلاف جماعت کے اندر درجنوں افراد سازش کر رہے ہیں۔یہ جو شہرت ملی ہے عمران خان کی وجہ سے ہے۔
ان کا کہناتھا کہ ایک سال قبل جب مجھے اپوزیشن لیڈر بنایا جا رہا تھا تو تمام لوگ میرے ساتھ تھے اور یہ کہا جا رہا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے میں کردار ادا کروں گا۔میں آج بھی اسی بات پر قائم ہو ں کہ عمران خان کی رہائی کے لیے بھرپور کردار ادا کروں گا۔جس دن مجھے عمران خان نے حکم دیا پاکستان کے لاکھوں افراد میرے ساتھ ہوں گے اور ہم اڈیالہ جیل کی طرف جائیں گے۔عمران خان کو لیے بغیر گھر واپس نہیں آئوں گا۔عمران خان کے ارد گرد ایک منافق ٹولہ ہے جو کہ ہر وقت غیبت کرتا رہتا ہے۔تحریک انصاف کو تقسیم کرنے کے لیے سازش ہو رہی ہے۔