کراچی: دوران گفتگو شرجیل میمن کی جانب سے ٹوکنے پر فاروق ستار ناراض ہوگئے

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار اور پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر شرجیل میمن کے درمیان نوک جھونک ہوگئی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق منگل کو وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کراچی میں ہیوی ٹریفک کے ہونے والے حادثات پر اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں شرجیل میمن، رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار، ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماوں کے علاوہ اے آئی جی جاوید عالم اوڈھو بھی شریک ہوئے۔
پریس کانفرنس میں فاروق ستار نے کہا کہ انتباہ دینا اور تشدد کی حمایت کرنے میں فرق ہے،ہمارا کام انتباہ دینا بھی ہے۔فاروق ستار کے مسلسل بولنے پر شرجیل میمن نے انہیں ٹوکا جس پر فاروق ستار ناراض بھی ہوئے۔شرجیل میمن نے فاروق ستار کو کہا کہ اور لوگوں نے بات کرنی ہے،جس پر فاروق ستار نے کہاوہ یہاں نہیں تھے اس لئے کچھ باتیں ضروری ہیں۔شرجیل میمن نے جواب دیا کہ آپ باتیں دہرارہے ہیں، اب کوئی شرانگیزی کرے گا تو گرفتار ہوگا۔
فاروق ستار نے شکوہ کیا کہ انہیں پتہ ہوتا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جگہ شرجیل میمن اجلاس کی سربراہی کریں گے تو ان کی جگہ دوسرے رہنما شریک ہوتے۔جس پر شرجیل میمن نے جواب دیا کہ انہوں نے تو علی خورشیدی کو بتایا تھا کہ اجلاس وہ کریں گے ،پتہ نہیں فاروق ستار کو کس نے بتایا تھا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سب کو واضح پیغام ہے کہ کسی کو شہر کا امن خراب نہیں کرنے دیا جائے گا۔پریس کانفرنس میں فاروق ستار نے ٹریفک حادثات پر کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ انصاف کیلئے متعلقہ فورم کا راستہ اپنائیں اور انتظامیہ ذمہ داری پوری کرے حادثات پر قاتل گرفتار ہونے چاہئیں،انصاف ملناچاہئے۔