بھنڈی توری کاشت کرکے کاشتکار اپنی آمدن میں اضافہ کرسکتے ہیں،محکمہ زراعت پنجاب
راولپنڈی/ اسلام آباد(آن لائن ) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق بھنڈی توری کاشت کرکے کاشتکار اپنی آمدن میں اضافہ کرسکتے ہیں۔بھنڈی توری موسم گرما کی مشہور اور غذائیت سے بھرپور سبزی ہے۔ بھنڈی کے بیج کے بہترین اگاﺅ اور بڑھوتری کےلئے موزوں درجہ حرارت 20 تا 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ کاشت کے وقت اگر مطلع ابر آلود ہو جائے اور درجہ حرارت 20 درجہ سینٹی گریڈ سے کم ہو تو بیج کا اگاﺅ بہت متاثر ہوتا ہے۔بھنڈی توری سال میں دو مرتبہ بڑی کامیابی کے ساتھ کاشت کی جاتی ہے۔پہلی فصل وسط فروری سے مارچ کے آخر تک جبکہ دوسری فصل کی کاشت جون جولائی میں ہوتی ہے۔فروری اور مارچ میں کاشتہ فصل اگست اور ستمبر تک پھل دیتی ہے جبکہ جون اور جولائی والی فصل اگست سے نومبر تک پیداوار دیتی ہے۔بھنڈی توری کی بجائی کےلئے اچھے اگاﺅ والا 10 سے 12 کلوگرام بیج فی ایکڑ کافی ہوتا ہے۔ تاہم بیج کی فصل کاشت کرنے کےلئے 6 کلوگرام بیج فی ایکڑ کافی ہے۔ سبز پری مشہور اور سفارش کردہ قسم ہے۔بھنڈی توری کو ہر قسم کی زمین میں کاشت کیا جا سکتا ہے البتہ زرخیز میرا اور پانی کے بہتر نکاس والی زمین جس کی تیزابی اساسیت (PH) 6 سے 6.8 ہو، بہترین پیداوار کےلئے موزوں ہے۔ کاشت سے ایک ماہ پہلے کھیت کو اچھی طرح ہموار کر کے 20 سے 25 ٹن گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈالیں۔ 3-2 مرتبہ ہل چلا کر اسے اچھی طرح زمین میں ملا دیں اور بعد میں آبپاشی کر دیں۔
وتر آنے پر 2 مرتبہ ہل اور سہاگہ چلا کر زمین کو نرم اور بھربھرا کر کے کاشت کےلئے تیار کر لیں۔ بوائی سے پہلے زمین تیار کرتے وقت3 بوری سنگل سپر فاسفیٹ ، 1 بوری امونیم نائٹریٹ اور1 بوری پوٹاش فی ایکڑ ڈالیں۔ ہر تیسری یا چوتھی چنائی کے بعد 1 بوری یوریا فی ایکڑ استعمال کریں۔