نجی چینل کی گاڑی پر حملہ اور تین افراد کو شہید کرنا کھلی جارحیت ہے،اشرف آصف
لاہور( پ ر )سربراہ ادارہ صراطِ مستقیم ڈاکٹرمحمد اشرف آصف جلالی نے اپنے بیان میں دہشت گردی کے جاری خوفناک سلسلے پر دُکھ اور غصّے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نجی چینل کی گاڑی پر حملہ اور تین افراد کو شہید کرنا ایک کھلی جارحیت ہے۔یہ میڈیا اور آزادی صحافت پر ڈرون حملہ ہے۔ دہشت گردمیڈیا کو دبا کر اپنے ظلم و ستم کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں۔ایسے حملوں کی اسلام ہر گز اجازت نہیں دیتا بلکہ ایسی کاروائیاں انٹر نیشنل سطح پر اسلام کے امیج کو خراب کرنے کا باعث بن رہی ہیں۔ہم اس کی پُر زور مذمت کرتے ہیں ۔افسوس ہے ملک میں جنگل کا قانون نافذ ہے اور حکمران سیکیورٹی کے حصار میں نشہ اقتدار میں مست ہیںاور ہوش آنے پر مذاکرات کے بارے میں بیان داغ کے پھر مست ہو جاتے ہیں۔ایکسپریس نیو زپر حملہ کی ذمہ داری جب طالبان نے قبول کرلی ہے ۔تو اَب عمران خان ،فضل الرحمٰن ،سمیع الحق اور منور حسن اور حکمران عوام کو مزیددھوکے میں رکھنے سے باز آجائیں ۔ اندھیرے میں نہ رکھیں اور مزاکرات کے دلدل سے نکل کر کربلا کا راستہ اختیار کریں۔ حکمران نوشتہ دیوار پڑھ لیں۔مزاکرات کی ڈُگڈگی بجانے کا قوم کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔حکومت ملکی سالمیت سے کھیلنے والے موت کے سودا گروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔اور میڈیا سیکیورٹی فورسز اور بے گناہ مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلنے والوں کو لگام دے۔