سیکیورٹی فورسز پر حملے کے ذمہ دار وزیراعظم خود ہیں، عمران خان

سیکیورٹی فورسز پر حملے کے ذمہ دار وزیراعظم خود ہیں، عمران خان
سیکیورٹی فورسز پر حملے کے ذمہ دار وزیراعظم خود ہیں، عمران خان
کیپشن: IK

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ہری پور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز پر حملے کے ذمہ دار وزیراعظم نواز شریف ہیں کیونکہ حکومت ابھی تک مذاکرات کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ہے۔ہری پور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں کہ پاک فوج قبائلی علاقوں میں جنگ لڑتی رہے اور ملک میں کبھی امن قائم نہ ہو سکے کیونکہ جب بھی امن کی کوشش کی جاتی ہے تو کوئی حادثہ پیش آ جاتا ہے جس سے مذاکرات کا عمل وہیں رک جاتا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 20 ارب روپے کی امداد دی گئی جبکہ اس جنگ میں پاکستان کا 100 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ دھمکی دیتا ہے کہ اگر ڈاکٹر شکیل آفریدی کو رہا نہ کیا گیا اور نیٹو سپلائی کا راستہ نہ کھولا گیا تو پاکستان کی امداد روک لی جائے گی لیکن تحریک انصاف پاکستان کو ایک خود مختار ملک بنائے گی جہاں پر امن ہو گا اور ہمیں کسی کے آگے جھولی نہیں پھیلانی پڑے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ہم طالبان کے نہیں پاکستان کے حامی ہیں اور ملک میں امن چاہتے ہیں۔ ’ہماری بد قسمتی ہے کہ ہمارے حکمران امریکہ کے غلام ہیں کیونکہ ان کا پیسہ باہر کے بینکوں میں پڑا ہوا ہے اور ان کے بچے بیرون ممالک تعلیم حاصل کر رہے ہیں، قوم غریب اور ایک چھوٹا سا طبقہ امیر ہو رہا ہے صرف وہ لوگ امیر ہو رہے ہیں جن کا پیسہ ملک سے باہر ہے۔ ‘ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا قرضہ آج 15 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، ڈالر 60 روپے سے 107 تک پہنچ گیا ہے، اگر اسی طرح امریکہ کی غلامی کرتے رہے تو آگے مہنگائی، غربت اور ذلت ہی ذلت ہے۔