یہ ہے بھارت کا اصل چہرہ

یہ ہے بھارت کا اصل چہرہ

مکرمی! بھارت کی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالیوں کی ایک تصویر مقبوضہ جموں و کشمیر میں وہ اجتماعی قبریں ہیں جن میں دفن کئے جانے والے کشمیریوں کی پہچان اب تک نہیں ہو سکی۔انسانی حقوق کے تحفظ کی تنظیموں کے کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ یہ قبریں اُن افراد کی ہیں جو لاپتہ ہیں۔ انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے مطابق دفن کئے گئے افراد کے جسموں پر گولیوں کے نشانات ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ انہیں بھارتی فورس نے جعلی پولیس مقابلوں میں شہید کیا۔ مقبوضہ کشمیر کے 14اضلاع میں سے 4اضلاع میں 2730ایسی بے شناخت لاشیں ملی ہیں جن میں سے 574کی شناخت ہو چکی ہے جو لاپتہ مقامی افراد ہیں اور انہیں بھارتی فورسز نے اغوا کیا تھا ۔ بدقسمتی یہ ہے کہ تمام ثبوتوں کے باوجود بھارتی حکومت نے انہیں غیر ملکی دہشت گردوں کی لاشیں قرار دیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ایسی قبریں، جن کی شناخت نہیں ہو سکی، چھ ہزار ہیں۔ برطانوی پارلیمنٹ نے اس واقعہ پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔یہ ہے بھارت کا اصل چہرہ ،لیکن اس کے باوجود وہ دنیا میں ایک بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار ہے۔(ارشد بشیر، جوہر ٹاؤن، لاہور )۔

مزید : اداریہ