محکمہ زراعت نے’’ جڑی بوٹی مکاؤ پیداوار ودھاؤ‘‘ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے بنیادی خدو خال طے کر لیے

محکمہ زراعت نے’’ جڑی بوٹی مکاؤ پیداوار ودھاؤ‘‘ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اے پی پی )محکمہ زراعت پنجاب کی جڑی بوٹی مکاؤ پیداوار ودھاؤ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے گاؤں کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں گی جس میں نمبردار، پٹواری، محکمہ زراعت کے ملازمین اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹیاں کسانوں کے ساتھ مل کر جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے میں معاونت کریں گی۔ اس کے علاوہ سماجی بہبود کے اداروں سے مل کر ان جڑی بوٹیوں کے نقصانات بارے کسانوں کو آگاہی فراہمی کی جائے گی۔ محکمہ زراعت سکولوں، کالجوں، دفاتر، سرکاری و نجی مقامات پر ان مہم کے بارے آگاہی فراہم کرے گا جبکہ تحصیل کی سطح پر واک کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ان جڑی بوٹیوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے مختلف سیمینارز کے انعقاد کے ذریعے کسانوں کوآگاہی فراہم کی جائے گی ۔

اہم اور نمایاں مقامات پر بینرز آویزاں کئے جائیں گے۔اس مہم میں محکمہ زراعت کے ملازمین بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ دیہی علاقوں میں سڑکوں کے کنارے ، تالابوں کے قریب اور غیر کاشتہ رقبہ پر جڑی بوٹیاں بڑے پیمانے پر موجود ہوتی ہیں جن کے بیج ہوا اور دیگر ذرائع سے کھیتوں میں پہنچ جاتے ہیں اور یہ جڑی بوٹیاں کھیتوں میں اگنا شروع ہوجاتی ہیں اور فصل کی خوراک کھاکر اسے کمزور کرنے کا سبب بنتی ہیں۔ اس لئے ان کو کھیتوں میں پہنچنے سے پہلے ہی تلف کرنا ضروری ہے۔اس لئے اس مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔یہ جڑی بوٹیاں انسانی صحت کو بھی متاثر کرتی ہیں اور اگر جانور انہیں کھالیں تو انہیں بھی نقصان پہنچتا ہے۔گاجربوٹی جیسی جڑی بوٹی انسان کی جلد کو متاثر کرتی ہے اور اس طرح دیگر جڑی بوٹیاں بھی فصلوں کے علاوہ انسانی صحت کے لئے بھی نقصان دہ ہیں۔واضح رہے کہ جڑی بوٹی مکاؤ پیداوار ودھاؤ مہم 20فروری سے 25فروری تک جاری رہے گی۔

مزید :

کامرس -