سعادت حسن منٹو کی یاد میں آج سے الحمرا ہا ل میں ڈرامہ شروع ہوگا

سعادت حسن منٹو کی یاد میں آج سے الحمرا ہا ل میں ڈرامہ شروع ہوگا
 سعادت حسن منٹو کی یاد میں آج سے الحمرا ہا ل میں ڈرامہ شروع ہوگا

  

لاہور (فلم رپورٹر)اجوکا تھیٹر اردو ادب کے نامور افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی اکسٹھویں برسی کے موقع پر الحمرا ہال میں اپنا مقبول کھیل ’’ کون ہے یہ گستاخ‘‘ پیش کر رہا ہے۔ کھیل کے رائٹر اجوکا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد محمود ندیم جبکہ اس کی ہدایات مدیحہ گوہر نے دی ہیں ۔ اس کھیل کو سعادت حسن منٹو کے صد سالہ جشن ولادت کے موقع پر تیا ر کیا گیا اور اسے پاکستا ن کے علاوہ دنیا کے کئی ممالک میں کامیابی سے پیش کیاجاچکاہے ۔ کھیل کی کہانی سعادت حسن منٹو کی زندگی کے آخری برسوں پر مشتمل ہے جو انہوں نے قیام پاکستان کے بعد لاہور میں گذاری ۔کھیل میں منٹو کے مقبول افسانوں ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کھول دو ، نیاقانون کو داستان گوئی کی صورت میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ساتھ ہی انکی برصغیر کے معروف اداکار شیام کے ساتھ دوستی کے رشتے کا احاطہ کیا گیا ہے ، معروف فنکار عثمان راج نے ڈرامے میں منٹو کا کردار اداکیا ہے جبکہ کامران مجاہد اور عظمی حسن بھی اہم کرداروں میں کھیل کا حصہ ہیں ۔سعادت حسن منٹوپر بنائی گئی ایوارڈ یافتہ فلم ’’ منٹو‘‘ بھی اسی کھیل سے ماخوذ ہے۔اس کھیل کو لاہور آرٹس کونسل کے تعاون سے پیش کیاجائے گا۔

مزید : کلچر