سیف سٹی پراجیکٹ سیکیورٹی کیلئے کلیدی کردار ادا کریگا،عبداللہ سنبل
لاہور(جنرل رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ لاہور میں زیر فعال پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ بہترین سیکورٹی کمیونیکیشن و محفوظ تر شہر کے لیے کلیدی کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی متعین مدت میں تکمیل کے لیے تمام محکمے سیف سٹیز اتھارٹی کے ساتھ مکمل رابطہ و تعاون میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھرسٹ بورنگ کے طریقہ کار کو ممکن حد تک فائبر آپٹک کے بچھانے کے لیے استعمال کیا جائے جبکہ شہر کی اہم شاہراہوں پر روڈکٹ آخری حل کے طور پر لگایا جائے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبدا ﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار سیف سٹیز پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے بھی شرکت کی۔ ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز پراجیکٹ اتھارٹی علی عامر، چیف ایمپلی منٹیننس آفیسر سیف سٹی اطہر اسماعیل سمیت ڈسٹرکٹ آفیسرز بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ لاہور شہر میں 17 سو مقامات پر 8ہزار کیمرے لگائے جائیں گے۔ جس میں شہر کے 27 داخلی و خارجی راستے بھی شامل ہیں۔