گیس اور بجلی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ سے قوم سراپا احتجاج بن چکی ہے،سجاد بلوچ

گیس اور بجلی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ سے قوم سراپا احتجاج بن چکی ہے،سجاد بلوچ

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ لیبرونگ پنجاب کے صدر سجاد حسین بلوچ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ پر پوری قوم سراپا احتجاج بن چکی ہے اقتدار پر قابض نقلی شیروں نے کیا گیس سونگھ لی اور بجلی پیدا کرنے والا پانی پی لیا ہے۔

اپوزیشن کے دور میں لوڈ شیڈنگ سے متاثرہ عوام سے اظہا ر یکجہتی کرنے والے میاں برادران نے اقتدار میں آکر عوام سے بیگانہ رویہ اختیار کرلیا ہے آج ملک میں گیس نام کی چیز نہیں ہے اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ ہاؤس میں واپڈا سے آئے ہوئے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سجاد بلوچ نے کہا کہ یہ قومی المیہ ہے کہ میاں برادران نے گیس کی سپلائی کی روک کر عوام کے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں اپنے محلات میں غیر ملکی غذائیں کھانے والے ان حکمرانوں نے20کروڑ عوام سے تین وقت کی روٹی اور سالن پکانے کاحق بھی چھین لیا ہے انہوں نے کہا کہ کہ بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے دعویداروں نے 20کروڑ عوام کا حقہ پانی بند کرکے پورے ملک میں قحط کا سماں پیدا کردیا ہے انہوں نے قوم سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں پر مظاہرے ضرور ہونے چاہیں مگرانتخابات کے دن شریف برادران کو اپنا قیمتی ووٹ نہ دیا جائے کیونکہ اقتدار میں آکر یہ نقلی شیر عوام کا خون پینا شروع کردیتا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1