مسلم لیگ(ن) امریکہ کے صدر سے وفد کی ملاقات،حکومتی پالیسیوں پر اطمینان

مسلم لیگ(ن) امریکہ کے صدر سے وفد کی ملاقات،حکومتی پالیسیوں پر اطمینان

لاہور(خصوصی رپورٹ)مسلم لیگ( ن) امریکہ کے ایک وفد نے صدر روحیل ڈار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری پی ایم ایل این (یو ایس اے) رانا سعید ، سینئر نائب صدر میاں محمد فیاض، سیکرٹری اطلاعات سید انور واسطی، چیف کوآرڈینیٹر افضل بٹ اور صدر نیو یارک اسٹیٹس احمد جان شامل تھے، اس موقع پر مسلم لیگ ن کی معاشی اور اقتصادی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا، لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات سے معیشت درست سمت پر گامزن ہو چکی ہے، جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان میاں نواز شریف کی قیادت میں ایشین ٹائیگر بنے گا۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ایم ایل این نیو یارک روحیل ڈار نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر لے جائیگا طویل، کشادہ اور محفوظ سڑکیں ،توانائی کے منصوبے، انڈسٹریل پارکس اور گوادر کی بندر گاہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متاثرہ پاکستان کیلئے روشن مستقبل کی نوید ہے۔مسلم لیگ ن (امریکہ ) کے سیکرٹری اطلاعات سید انور واسطی نے کہا کہ سی پیک سمیت توانائی کے دیگر قلیل المدتی منصوبے2018 ء جبکہ طویل مدتی منصوبے آئندہ پانچ سے دس برسوں تک مکمل ہوجائیں گے جبکہ اگلے سال پاکستان میں10ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی جس میں سے5ہزار سی پیک منصوبوں کی تکمیل سے آئے گی۔انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ سے حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن پورا ہوگا اورانڈسٹری کاپہیہ مسلسل رواں دواں رہنے سے حکومت کا پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہوگا۔اس موقع پر سینئر نائب صدر میاں محمد فیاض نے کہا کہ دھرنوں اوراحتجاج کی سیاست اپنی موت آپ مر چکی ہے یہ وقت قوم میں انتشار کا نہیں بلکہ آپس میں متحد ہو کر دشمنوں کا مقابلہ کرنے کا ہے۔ ماضی کا پاکستان اور آج کے پاکستان میں زمین آسمان کا فرق ہے آج پاکستان کی معیشت افق کی بلندیوں کو چھو رہی ہے جسے ملک دشمن عناصر سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے چیف کوآرڈینیٹر افضل بٹ اور صدر نیو یارک اسٹیٹس احمد جان نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی کا سفر اپنی منزل پر رواں دواں رہے گا۔ عوام نے ان کی انتشار پسند سیاست کو خیر باد کہہ دیا ہے۔ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنیوالے سیاستد ان ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی بجائے چین کے عظیم راہداری منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1