کرپشن کے الزامات ثابت ،تحصیلدار کینٹ معطل ،ہیڈآفس رپورٹ کرنے کا حکم

کرپشن کے الزامات ثابت ،تحصیلدار کینٹ معطل ،ہیڈآفس رپورٹ کرنے کا حکم

لاہور(اپنے نمائندے سے)اختیارا ت کے ناجائز استعمال ،ریکارڈ میں ٹمپرنگ بوگس انتقالات کے اندراج جیسے الزامات ثابت ہونے پر تحصیلدار کینٹ کو محکمہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ پرمحکمہ مال نے معطل کر کے ہیڈ آفس میں رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ،محکمہ اینٹی کرپشن کی رپورٹ کے مطابق تحصیلدار کینٹ سجاد احمد قریشی پر جعلسازی ،ریکارڈ میں ردوبدل کے الزامات تھے جو کہ ثابت ہو چکے ہیں ،محکمہ اینٹی کرپشن نے تحصیلدار کینٹ سجاد احمد قریشی سمیت ارشد پٹواری،محمد شفیق پٹواری،شفاقت شاہ گرداور موضع سیجپال کینٹ ،احمد علی بھٹی ولد سراج الدین گواہ،مبشر احمد ملک ولد مہر دین ،بینی فیشری اورعابد حسین ولد مہر دین گواہ کے خلاف کیس نمبر 16765/2015کے تحت جوڈیشل ایکشن کی منظوری دیتے ہوئے تمام ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش کرنے کے احکامات جاری کئے جس میں تحصیلدار کینٹ سجاد احمد قریشی کی ضمانت بھی خارج ہو گئی تھی اور وہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ، اس کیس میں تحصیلدا ر کینٹ سجادقریشی کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کے مطابق انہوں نے مختلف جگہوں پر پردوران ڈیوٹی زائد از حصہ کھاتہ جات کے ہزاروں انتقال کا اندراج کیااور دیگر ریکارڈ میں ردو بدل جیسے دیگر بے ضابطگیاں بھی کیں،مذکورہ کیس میں تفتیش کے بعدفائنل رپورٹ 07/10/2015کو پیش کی گئی جس کے بعد کیس کو ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل کی جانب سے ایگزیمن کیا گیا جنہوں پی سی کے سیکشن 173کے تحت عدالت میں چالان پیش کرنے کی سفارشات کر دی اور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لاہور کو بھی لکھا کہ اینٹی کرپشن کے رولز کے مطابق بالاملزمان کے خلاف رشوت ستانی ،فراڈ،اختیارات کے ناجائز استعمال،ریکارڈ میں ٹمپرنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ کا اندراج کیا گیا ہے اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے جس کے بعد تحصیلدار کینٹ سجاد احمد قریشی کو بورڈ معطل کر دیا گیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1