ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ایٹمی معاہدہ اہمیت کا حامل ہے، آئی سی جی
لندن (اے پی پی) انٹرنیشنل کرائسس گروپ آئی سی جی نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ایٹمی معاہدے کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ اس معاہدے ختم ہونے سے غیر متوقع نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نومنتخب امریکی صدر کے دور صدارت کے آغاز سے محض چند روز قبل انٹرنیشنل کرائسس گروپ کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدہ ختم ہونے کی صورت میں مشرق وسطی میں غیر متوقع تبدیلیوں کا لامتناہی سلسلہ شروع ہوجائے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس معاہدے کو کمزور یا محدود کرنے کی کسی بھی کوشش کے الٹے نتائج برآمد ہوں گے۔ انٹرنیشنل کرائسس گروپ نے خبردار کیا ہے کہ ایٹمی معاہدہ کمزرو ہونے کی صورت میں خطہ عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا۔اس رپورٹ میں، پچھلے ایک برس کے دوران ایٹمی معاہدے یا جامع مشترکہ ایکشن پلان پرعملدرآمد کا جائزہ لیا گیا ہے، اور اس جانب اشارہ کیا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مخاصمت کے سبب اس معاہدے کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔