بی بی سی کی رپورٹ کے بعد نواز شریف کو استعفا دے دینا چاہئے، یاسین گھمن

بی بی سی کی رپورٹ کے بعد نواز شریف کو استعفا دے دینا چاہئے، یاسین گھمن

جوہانسبرگ(بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف پریٹوریا منتانہ کے رہنما یاسین گھمن نے کہا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ کے بعد نواز شریف کو استعفا دے دینا چاہئے، پانامہ کیس میں مسلم لیگ (ن) نے تاریخ کا سب سے بڑا یوٹرن لیا۔ پارلیمینٹ میں خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے اور استثنیٰ نہ لینے کی بات کی گئی لیکن اب استثنیٰ کی باتیں ہو رہی ہیں۔ نواز شریف کی اخلاقی قوت ختم ہو گئی ہے۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یاسین گھمن نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے وہم و گمان میں نہیں تھا کہ ان کی تلاشی ہو گی لیکن اب نواز لیگ کو خدشہ ہو گیا ہے کہ نواز شریف نے جھوٹ بولا ہے اور سپریم کورٹ ان کے خلاف ایکشن نہ لے لے۔ اگر مریم نواز شریف لندن فلیٹس کی اصلی مالک ہیں تو قطری کا خط فراڈ ثابت ہو جاتا ہے اور قطری کا خط فراڈ ثابت ہوا تو اس کا مطلب ہے کہ فلیٹس حسین نواز کے نہیں ہیں اور اگر مریم نواز شریف کے پاس پیسے نہیں تھے تو پیسہ نواز شریف کا ثابت ہوتا ہے۔

یاسین گھمن نے کہا کہ اگر یہ سمجھتے ہیں کہ بے قصور ہیں تو برطانوی نشریاتی ادارے اور آئی سی آئی اے جے کیخلاف عدالت جائیں۔ نواز شریف کی اخلاقی قوت ختم ہو چکی ہے اور ایک ایسے شخص کے پاس وزارت عظمیٰ پر رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم لوگوں کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کرتا ہے اور جو ایسا نہیں کرتا لوگ اسے ٹیکس بھی نہیں دیتے۔

مزید : عالمی منظر