پنجاب یونیورسٹی اورجرمن کمپنی وزی کے مابین معاہدہ

پنجاب یونیورسٹی اورجرمن کمپنی وزی کے مابین معاہدہ

لاہو(ایجوکیشن رپورٹر)پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرمینٹل سائنسز میں جرمن کمپنی وزی کے اشتراک سے کالج میں بارش کے پانی کو صاف کر کے باغبانی ، صفائی اور لیبارٹری مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس سلسلے میں معاہدے پر دستخطوں کی تقریب کالج کے سیمینار روم میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید، جرمن کمپنی سے مسٹر فرٹز پورشکے، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے مسٹر فرٹز نے کہا کہ اس ٹیکنالوجی سے پانی کو 8 سے 10 ماہ تک محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پانی کالج میں واش رومز، لیبارٹریوں اور باغبانی کے لئے استعمال کیا جائے گا جبکہ اس پانی کو پیا بھی جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کا پانی زراعت کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر ظفرمعین ناصر نے کہا کہ یونیورسٹی کی تحقیق کو عوام کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال کریں گے تاکہ لوگوں کی زندگیاں بہترہو سکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 4