المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام مختلف سکولوں میں انسداد دہشت گردی سیمینار

المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام مختلف سکولوں میں انسداد دہشت گردی سیمینار

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر )المحمدیہ سٹوڈنٹس کے زیر اہتمام گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گرین ٹاؤن اور الائیڈ پبلک سکول چونیاں میں انسداد دہشت گردی سیمینار زکا انعقاد کیا گیا جس میں طلبا کو دہشت گردانہ حملے کی صورت میں اپنا دفاع کرنے کی تربیت دی گئی۔ سیمینار میں سکول کے ہائی حصہ کے طلبا نے شرکت کی اور بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ انسداد دہشت گردی سیمینار میں طلبا کو ممکنہ دہشت گردی کی صورت میں دستیاب وسائل سے اپنا اورسکول کا دفاع کرنے کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس جنوبی لاہور کے مسؤل عبدالرحمن نے لاہور میں طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت دہشت گردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر طلبا کو تیار رہنا چاہیے۔

دہشت گرد اگر ہمارے کسی تعلیمی ادارے پر حملہ کر دیں تو ہمارے نوجوانوں کو اپنا حوصلہ بلند رکھتے ہوئے اپنا اور دوسروں کا دفاع کرنا چاہیے۔ المحمدیہ سٹوڈنٹس قصور کے مسؤل محمد عکاشہ نے الائیڈ سکول چونیاں کے طلبا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ طلبا کے پاس بھاری بستے ، نوکدار پنسل، اوراسی مانند دیگر اشیاء ان کے دفاع میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ان کے مناسب استعمال سے ہم کسی بھی دہشت گرد کو اس کے مذموم مقاصد حاصل کرنے میں ناکام کر سکتے ہیں ۔ باچاخان یونیورسٹی کے طلبا کی مثال پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں طلبا نے جرات مندی اور حوصلے سے کام لیتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا تھا ۔ اسی مانند ہمارے ہر تعلیمی ادارے کے طلبا دہشت گردوں کے خلاف اپنے حوصلے بلند رکھیں۔المحمدیہ سٹوڈنٹس کی طرف سے سکول کے حفاظتی اقدامت کو سراہتے ہوئے اس میں مزید بہتری کی تجاویز بھی دی گئیں جنہیں ہیڈماسٹر کی جانب سے سراہا گیا اور ان پر عملدرآمد کا عزم کیا گیا۔ اس موقع پر سکول کے طلبا اور اساتذہ نے المحمدیہ سٹوڈنٹس کو اس سیمینار کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اس بات کا عزم کیا کہ کہ وہ ملک و قوم کے دفاع کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں وقف کردیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4