اے این ایف کی 9شہروں میں کاروائیاں ،5کروڑ سے زائد کی 175کلو منشیات برآمد

اے این ایف کی 9شہروں میں کاروائیاں ،5کروڑ سے زائد کی 175کلو منشیات برآمد

لاہور(کرائم رپورٹر) اینٹی نارکوٹکس فورس نے اٹک، لاہور، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، حیدر آباد اور کراچی سمیت 9 شہروں میں کاروائیوں کے دوران پانچ کروڑ 80لاکھ روپے مالیت کی 175 کلو گرام منشیات برآمدکرلیں۔ ان کارروائیوں کے دوران منشیات کی سمگلنگ میں ملوث15 ملزموں کو گرفتارکیاگیا،جبکہ 7 گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئی۔برآمد شدہ منشیات میں 164.3کلو گرام چرس اور 11.3 کلو گرام ہیروئن شامل ہے۔ اے این ایف پشاور نے پی ایس او پٹرول پمپ، چشمہ روڈ، ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب کاروائی کرتے ہوئے ایک ہینو ٹرک روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 130 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود اٹک کے رہائش میر محمد کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے رنگ روڈ موٹروے پر ایک سوزوکی آلٹو کارکو روک کر دوران تلاشی اس کے خفیہ خانوں سے 15 کلو گرام چرس برآمد کر کے خیبر ایجنسی کے رہائشی علی خان، عمل خان اور نور نبی نامی 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔اے این ایف راولپنڈی نے برھان انٹرچینج، جی ٹی روڈ ، اٹک کے قریب کاروائی کے دوران ایک مہران کارکو روک کر تلاشی لینے پر اس کے خفیہ خانوں سے 10.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود پشاور کے رہائشی محمد سراج اور سردار خان نامی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔اے این ایف لاہور ایئرپورٹ ٹیم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ پر کارروائی کے دوران گوجرانوالہ کے رہائشی محمد آصف کے بیگ سے 3 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم قطر ایرویز کی پرواز نمبر QR-821 کے ذریعے ہالینڈجا رہا تھا۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے کوٹ عبد المالک انٹرچینج کے قریب کارروائی کے دوران ایک کار کو روک کر دوران تلاشی اس میں چھپائی گئی 5 کلو گرام چرس برآمد کر کے راولپنڈی کے رہائشی راحیل عباسی اورکراچی کے رہائشی وقار علی 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔اے این ایف کراچی نے زیل پاک فیکٹری حیدر آباد کے قریب کارروائی کے دوران موٹرسائیکل پر سوارٹنڈو الہ یار کے رہائشی امدا داللہ کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا۔ دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ ،کراچی سے پرواز نمبر TG-342 کے ذریعے بنکاک کے لئے روانہ ہونے والے کراچی کے رہائشی رمیض راجہ شیخ کے قبضے سے 800 گرام ہیروئن برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا ۔ملزم نے مذکورہ منشیات اپنے جوتوں میں چھپا رکھی تھی۔دوسری کارروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے پہلوان گوٹھ کراچی کے قریب ایک ٹویوٹا کرولا کار کو روک کر اس میں چھپائی گئی 3.6 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی۔ گاڑی میں موجود سید مظہر عباس کو گرفتار کر لیا ۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پہلوان گوٹھ کراچی میں واقع رحیم اپارٹمنٹس میں چھاپہ مار کر ملزم ثاقب اشرف کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے مزید 300 گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔مزید تفتیش کے نتیجے میں ہونے والے نشاندہی پر عمل کرتے ہوئے کورنگی کراچی کے علاقے R-33/C میں چھاپہ مار کر ایک عمارت سے 3 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے 3 ملزمان محمد ناصر، وحید الرحمان اور سید مظہر حسین کو گرفتار کر لیا۔ موقع سے ہیروئن کیپسول بنانے والی مشین بھی قبضے میں لے لی گئی۔ تمام مقدمات CNS Act. 1997 کے تحت اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید : علاقائی