سیکیورٹی مسائل کا ذمہ دار پاکستان نہیں ، افغانستان اپنی سوچ درست کرے :سرتاج عزیز
اسلام آباد(اے این این ) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ افغانستان اپنے ملک میں بگڑتی ہوئی سیکورٹی کی صورتحال کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا بند کرے اور طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے حوالے سے اپنی مبہم سوچ پر نظر ثانی کرے۔ امریکی نشریاتی ادارے’’ وائس آف امریکہ کو دیئے گئے انٹرویو میں سرتاج عزیز نے کہا کہ افغانستان میں یہ ابہام اور سیاسی عدم اتفاق موجود ہے کہ طالبان کو قومی سیاست میں باغی سمجھا جائے، دہشت گرد سمجھا جائے یا انہیں اسٹیک ہولڈرز مانا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہی ابہام افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بین الاقوامی حمایت یافتہ امن مذاکرات کے آغاز میں رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی طالبان سے بات کرنے کا طریقہ بہت ہی زیادہ منتشر ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ قومی اتحاد پر مبنی افغان حکومت کامیاب ہو، اپنی رٹ قائم کرے اور طالبان و دیگر گروپس کو یہ واضح پیغام بھیجے کہ پوری دنیا چاہتی ہے کہ وہ حکومت سے مذاکرات کریں اور مسئلے کو حل کریں کیوں کہ کوئی بھی افغانستان میں لڑائی جاری رہنے کا خواہاں نہیں۔