مختلف شہروں میں بارش،پہاڑی علاقوں میں برفباری

مختلف شہروں میں بارش،پہاڑی علاقوں میں برفباری

لاہور(کامرس رپورٹر)محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان کئی علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی ہے ۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر ٗ گلگت بلتستان ٗ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا۔

دوسری جانب نیشنل ہائی وے پر بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا لاہور میں بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔محکمہ مو سمیات کے مطابق مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، فاٹا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ٗ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔آئندہ 48گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہیگا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ ڈویڑن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ٗ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند بھی پڑ سکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، مالاکنڈ، پشاور، بنوں ڈویڑن، فاٹا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی اورملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں 32 ملی میٹر ، اسلام آباد16،کامرہ10، مندی بہاؤالدین07، راولپنڈی7، سرگودھا ایک، رسالپور11، مالم جبہ10، چراٹ7، پشاور9، دیر، پاراچنار2، بنوں،کالام اور سیدوشریف میں ایک، گڑھی دوپٹہ8، راولاکوٹ5، کوٹلی 4 اور مطفرآباد میں ایک ملی میٹر بارش جبکہ مالم جبہ میں 3انچ، راولاکوٹ اور کالام میں ایک انچ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید : علاقائی