کرنل(ر)ڈاکٹر جمشید احمد ترین ایک نابغۂ روزگار ہستی تھے، محمد رفیق تارڑ

کرنل(ر)ڈاکٹر جمشید احمد ترین ایک نابغۂ روزگار ہستی تھے، محمد رفیق تارڑ

لاہور(جنرل رپورٹر) تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن کرنل(ر)ڈاکٹر جمشید احمد ترین ایک نابغۂ روزگار ہستی تھے۔ انہوں نے نہ صرف جدوجہد آزادی میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بے لوث سپاہی کا کردار ادا کیا بلکہ قیامِ پاکستان کے بعد تعمیر پاکستان کے ضمن میں بھی اَن تھک محنت کی۔ آپ اُن خوش بخت لوگوں میں سے تھے جنہیں بابائے قوم سے شرفِ ملاقات حاصل تھا۔ کرنل(ر)ڈاکٹر جمشید احمد ترین چلتی پھرتی تحریک پاکستان تھے۔ ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن ،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں تحریک پاکستان کے ممتاز کارکن و سابق چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کرنل(ر) ڈاکٹر جمشید احمد ترین کی پہلی برسی کے موقع پر منعقدہ محفل قرآن خوانی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

محفل قرآن خوانی کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر سابق چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت و چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد، چیف کوآرڈی نیٹر میاں فاروق الطاف، مرحوم کے صاحبزادگان سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور چیئرمین سلک بینک عظمت ترین، ممتاز کالم نگاور ودانشور ڈاکٹر محمد اجمل نیازی، سجادہ نشین آستانۂ عالیہ چورہ شریف پیر سید ثقلین حیدر چوراہی، کارکن تحریک پاکستان محمد ارشد چودھری، کرنل(ر) سلیم ملک، بیگم مہناز رفیع، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، بیگم صفیہ اسحاق، میاں ابراہیم طاہر، مرزااحمد حسن، محمد یٰسین وٹو، علامہ نصیر احمد قادری، نواب برکات محمود، شفیق رضا قادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ پروگرام کے آغاز پر قاری گل حسین نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ الحاج حافظ مرغوب احمد ہمدانی، اختر حسین قریشی اور شاہد اکبر نظامی نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4