70 ہزار روپے کی چوری، ملزم جرم ثابت نہ ہونے پر بری

70 ہزار روپے کی چوری، ملزم جرم ثابت نہ ہونے پر بری

لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے 70 ہزار روپے کی چوری کے مقدمہ میں ملوث ملزم پر جرم ثابت نہ ہونے پر ملزم کو بری کر دیاہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے ملزم محمد آصف کے خلاف درج مقدمہ کی سماعت کی، بھاٹی گیٹ پولیس نے علی حیدر کی درخواست پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں پیش کیا، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف ستر ہزار روپے کی چوری کا مقدمہ درج کیا تھا مگر تفتیش میں ملزم کو بے بنیاد ملوث کر کے گرفتار کر لیا گیا۔

، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ پولیس کے پاس ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد اور آزاد گواہ موجود نہیں ،ملزم کو بری کیا جائے، پراسکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم محمد آصف مدعی مقدمہ کی رقم چرانے میں ملوث ہے اور مدعی نے ملزم کی شناخت کی ہے ،ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے، عدالت نے ناقص تفتیش اور ناکافی شواہد کی بنیاد پر ملزم کو بری کر دیاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4