منشیات کے مقدمات ، ملزموں کو اصلاح کیلئے پروبیشن آفیسر کے حوالے کرنے کا فیصلہ

منشیات کے مقدمات ، ملزموں کو اصلاح کیلئے پروبیشن آفیسر کے حوالے کرنے کا فیصلہ

لاہور(نامہ نگار)سیشن عدالت نے منشیات کے مقدمات میں ملوث ملزموں کو جیل بھجوانے کی بجائے ان کی اصلاح کے لئے پروبیشن آفیسر کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیاہے ،اس ضمن میں پہلے مرحلے میں 150ملزمان کو پروبیشن آفیسرز کے حوالے بھی کردیا گیا ہے،مذکورہ ملزموں کی رہائی میں متعلقہ علاقہ کے چیئرمین کی تصدیق بھی لازم ہوگی کہ کیا ملزم نے جرائم کی زندگی چھوڑ کر محنت مزدوری شروع کردی ہے ۔تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ میں ملزموں کی اصلاح کے لئے خصوصی پروگرام شروع کردیا گیا ہے تاکہ معمولی جرائم میں ملوث ملزمان کو جیل بھجوانے کی بجائے اْن کی اصلاح کی جائے۔

سیشن عدالتوں میں منشیات کے جوملزمان معمولی الزامات میں پیش ہو رہے تھے ان کو پروبیشن آفیسر سیشن کورٹ کے حوالے کردیا گیا، اب تک پروبیشن آفیسر کے پاس 150ملزمان کو بھجوایا جا چکا ہے جن کی اصلاح شروع کردی گئی ہے،ملزمان ہر ماہ پروبیشن آفیسر کو رپورٹ کریں گے کہ انہوں نے ایک ماہ میں کیا کام کیا، اس کے لئے انہیں علاقے کے چیئرمین کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی جب معززین اس بات کی ضمانت دے دیں گے کہ ملزم نے جرائم کی زندگی چھوڑکرمحنت مزدوری شروع کردی ہے ،اس کے بعدپروبیشن آفیسرخود علاقے میں جا کر اس کی تصدیق کرے گا جس کے بعدملزم کو عدالت کی وساطت سے رہائی ملے گی تاہم اصلاح کا تعین عدالت کی طرف سے مقررکیا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4