بہنوئی کا ڈیڑھ مرلہ مکان پر قبضہ کیلئے 80سالہ سالی پر تشدد، گھر سے نکال دیا

بہنوئی کا ڈیڑھ مرلہ مکان پر قبضہ کیلئے 80سالہ سالی پر تشدد، گھر سے نکال دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار)سنگھ پورہ میں بہنوئی نے ڈیڑھ مرلے کے مکان پر قبضہ کرکے اپنی 80سالہ سالی کو تشدد کا نشانہ بنا کردھکے دے کرگھر سے نکال دیا،متاثرہ خاتون بہنوئی کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے سیشن عدالت پہنچ گئی،فاضل جج نے آئندہ سماعت پر متعلقہ تھانے سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ایڈیشنل سیشن جج محمد اشفاق کی عدالت میں سنگھ پورہ کی رہائشی80سالہ خاتون آسیہ نے اپنے وکیل کی وساطت سے اپنے بہنوئی عمران کے خلاف اندراج مقدمے کی دائردرخواست میں موقف اختیار کیاہے کہ اس کا سنگھ پورہ میں ڈیڑھ مرلے کا مکان ہے جس پر بہنوئی عمران نے اسے اکیلا دیکھ کر قبضہ کرلیا ہے۔

،خاتون نے الزام لگایاہے کہ عمران نے اس کے احتجاج کرنے پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس کے کپڑے بھی پھاڑدیئے اور دھکے دے کرگھر سے نکال دیاہے، عدالت کو بتایا گیا کہ اس وقت وہ لوگوں کے گھروں میں پناہ لئے ہوئے ہے تاہم عدالت سے استدعا ہے کہ پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے جس پر عدالت نے متعلقہ پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔