پبلک سیکٹر کالجز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سرکلر جاری دیا ہے: علی رضا گیلانی

پبلک سیکٹر کالجز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سرکلر جاری دیا ہے: علی رضا ...

لاہو(رایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ پبلک سیکٹر کالجز کو درکارضروری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سرکلر جاری دیا گیا ہے۔ہماری کوشش ہے کہ سرکاری شعبے کے کالجوں کو تمام تعلیمی سہولیات مہیا کریں تا کہ طالبعلموں کو تعلیم و تحقیق میں کوئی مشکل پیش نہ آئے ۔اس حوالے سے سالانہ بجٹ 2016-17میں کالجوں میں عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں۔یہ بات انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج برائے طالبات کاہنہ نو کے پہلے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کالجوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کے حوالے سے ڈیمانڈ بھیج دی گئی ہے۔ ہماری یہ بھی خواہش ہے کہ طالبعلموں کی سہولت کیلئے کالجوں میں پوسٹ گریجویشن کا بھی بندوبست کیا جائے تا کہ بالخصوص طالبات کو گھروں کے نزدیک تعلیمی سہولیات ملیں ۔اس حوالے سے یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ مالی سال میں مختلف شہروں میں 23نئے کالجوں کے قیام کے ساتھ ساتھ 2کالجوں کو اپ گریڈ کیا گیا۔

اور 41دیگر کالجوں میں ضروری سہولیات مہیا کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ای یوتھ منصوبے کے تحت طالبعلموں کی انفارمیشن ٹیکنالوجی تک رسائی ممکن بنائی گئی ہے۔ہماری کوشش ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالیں تا کہ پاکستانی جامعات کو بین الاقوامی رینکنگ میں ممتاز مقام حاصل ہو۔صوبائی وزیر نے گرلز ایجوکیشن کی اہمیت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک عورت کی تعلیم مہذب معاشرے کی اساس ہے۔والدین اپنی بچیوں کو تعلیم دلا ئیں کیونکہ و ہ ہمارا مضبوط سہارا ہیں۔حقیقت تو یہ ہے کہ تعلیم بقا ء کی علامت ہے جو انسان کو بدلتے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھتی ہے۔اس حوالے سے حکومت نے بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ دیہات و قصبوں میں آباد لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی آسان بنائی ہے ۔ ہم نے تعلیم عام کر کے فلاحی اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے۔ہماری نوجوان نسل یہ بات بھی یاد رکھے کہ پاکستان ہمارافخر اور مان ہے جس نے ہمیں دنیا کے سامنے سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک نے پاکستان کا معاشی مستقبل محفوظ کر دیا ہے جبکہ عالمی اشاریے بھی پاکستان کی مضبوط معاشی حالت کے گواہ ہیں۔قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر انجم نظامی نے تعلیمی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر رضا گیلانی نے طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 4