پاکستان میں پہلی بار قرنیہ کی تبدیلی سے اندھے پن کا علاج شروع
لاہور (صباح نیوز) شعبہ امراض چشم لاہور جنرل ہسپتال میں قرنیہ(Cornea) کی تبدیلی کے جدید اور منفردآپریشن سے اندھے پن کا علاج شروع کر دیا گیاہے ۔ ابتدائی طور پر پہلے کیس کے جملہ اخراجات ہسپتال انتظامیہ اور معا لجین نے برداشت کئے ۔ کلاس پنجم کی طالبہ علشبہ کے کامیاب آپریشن پر بچی کے والدین اور عزیز و اقارب نے سرجری کرنے والی ٹیم کے سربراہ پروفیسر عبدالحئی اور پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر غیاث النبی طیب کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں ۔تفصیلات کے مطابق شعبہ امراض چشم یونٹ نمبر II کے انچارج پروفیسر عبدالحئی نے پتلی کی تبدیلی کا آپریشن جو DSEK کے نام سے معروف ہے پاکستان میں پہلی بار کیا ۔ کوٹ عبدالمالک کے رہائشی حبیب کی 12 سالہ بیٹی علشبہ اس آپریشن سے فائدہ اٹھانے اور صحت یابی حاصل کرنے والی پہلی مریضہ ہے۔ اس آپریشن کے تمام اخراجات بشمول سری لنکا سے پتلی کی دستیابی،FEMTO LASER سے پتلی کی تیاری اور جنرل ہسپتال میں آپریشن کے لئے اٹھنے والے تمام تر اخراجات ہسپتال انتظامیہ اور شعبہ امراض چشم یونٹII میں تعینات ڈاکٹرز نے اپنی مدد آپ کے تحت برادشت کئے ۔