بلاول بھٹو آج لاہور سے فیصل آباد تک ریلی کی قیادت کرینگے ، جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ قائم

بلاول بھٹو آج لاہور سے فیصل آباد تک ریلی کی قیادت کرینگے ، جگہ جگہ استقبالیہ ...

فیصل آباد،لاہو(سٹاف رپورٹر،نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو آج براستہ شیخوپورہ شاہکوٹ بلوچنی فیصل آباد پہنچیں گے وہ بعد دوپہر 3بجے ضلع کونسل چوک فیصل آباد میں کارکنوں کی ریلی سے خطاب کرینگے پیپلزپارٹی کے ترجمان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری آج صبح 9بجے لاہور سے فیصل آباد کیلئے روانہ ہونگے اور شیخوپورہ میں استقبالیہ ریلی سے خطاب کرنے کے بعد ان کا قافلہ فیصل آباد کی جانب رواں دواں ہو گا شاہ کوٹ اور دیگر مقامات پر پارٹی کارکنوں کی طرف سے ان کا استقبال کیا جائے گا جبکہ پیپلزپارٹی فیصل آباد کی ضلعی تنظیم کی جانب سے ضلعی صدر سابق ایم این اے طارق محمود باجوہ کی زیر قیادت شیخوپورہ روڈ پر ان کا استقبال کیا جائے گا چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا دوپہر ایک بجے بلوچنی میں جلسہ سے خطاب کا پروگرام طے کیا گیا ہے جبکہ بعدازاں پارٹی کے چیئرمین اور دیگر مرکزی وصوبائی عہدے داران کی زیر قیادت ریلی فیصل آباد روانہ ہو گی.اطلاع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ‘ صوبائی صدر قمر الزمان کائرہ‘ندیم افضل چن اور دیگر رہنما بھی ریلی میں شامل ہونگے. ضلع کونسل چوک فیصل آباد میں جلسہ کا ٹائم دوپہر تین بجے دیا گیا ہے تاہم راستے میں مانانوالہ‘کھرڑیانوالہ‘ گٹ والا‘ چار چک سٹاپ اور ٹھٹھہ پل کینال روڈ پر استقبالی کیمپوں سے ہوتے ہوئے فیصل آباد شہر پہنچیں گے ضلع کونسل چوک فیصل آباد میں جلسہ سے خطاب کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی پیپلزکالونی نمبر2اے بلاک میں جائیں گے جہاں وہ 27دسمبر 2007کو اپنی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے واقعہ لیاقت باغ میں جاں بحق ہونے والے پارٹی کارکن ذوالفقار علی بھٹو کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کرینگے بلال بھٹو زرداری کے فیصل آباد میں رات قیام کیلئے سرینا ہوٹل اور چناب کلب میں انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ وہ رات کو کسی وقت پیپلزپارٹی فیصل آباد کے ضلعی سیکرٹریٹ واقع مدینہ ٹاؤن کا بھی دورہ کر سکتے ہیں جبکہ 20جنوری کو پیپلزپارٹی کے سابق ضلعی سیکرٹری چوہدری محمد اعجاز کے ہاں چک 233ر. ب میں بھی ان کا دورہ متوقع ہے. جہاں میڈیا سے گفتگو کے بعد بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں.لاہور سے نمائندہ خصوصی کے مطابقچیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوامی رابطہ مہم کے آغاز کے سلسلہ میں آج (بدھ) کو بلاول ہاؤس لاہور سے فیصل آباد تک ریلی نکالی جائے گی ۔ ریلی کے لئے بے نظیر بھٹو شہید کے زیر استعمال رہنے والا خصوصی ٹرک کی بلاول ہاؤس لاہور میں تزئین و آرائش کے بعد ٹرک فیصل آباد روانہ کر دیا گیا بلاول بھٹو ریلی کے اختتام پر فیصل آباد میں ریلی کے شرکاء سے اسی ٹرک سے خطاب کریں گے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے اس ریلی کا مکمل روٹ بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق ریلی کا آغاز صبح 9بجے بلاول ہاؤس سے ہو گا جو موٹروے کے راستے فیض پور انٹرچینج سے شیخوپورہ روڈ پر آئے گی۔ بلاول بھٹو کا پہلا خطاب شیخوپورہ میں ہو گا۔ ریلی ننکانہ صاحب موڑ سے ہوتے ہوئے فیصل آباد کی طرف بڑھے گی۔ ننکانہ موڑ اور شاہ کوٹ میں بھی بلاول کا خطاب ہو گا۔ پیپلز پارٹی نے لاہور سے فیصل آباد ریلی کے لئے حکومت پنجاب کو خط لکھ دیا اور چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس، ہوم سیکرٹری سے ریلی کی سیکورٹی اور جلسے کی اجازت مانگ لی۔ اسی ٹرک سے خطاب کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے ریلی کا مکمل روٹ بھی جاری کر دیا۔ ریلی کا آغاز صبح 9بجے بلاول ہاؤس سے ہو گا جو موٹروے کے راستے فیض پور انٹرچینج سے شیخوپورہ روڈ پر آئے گی۔ بلاول بھٹو کا پہلا خطاب شیخوپورہ میں ہو گا۔ ریلی ننکانہ صاحب موڑ سے ہوتے ہوئے فیصل آباد کی طرف بڑھے گی۔ ننکانہ موڑ اور شاہ کوٹ میں بھی بلاول کا خطاب ہو گا۔ پیپلز پارٹی نے لاہور سے فیصل آباد ریلی کے لئے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں ریلی کی سیکورٹی اور جلسے کے بارے میں آگا ہ کیا جبکہ سی سی پی او لاہور نے بھی بلاول ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے قائدین سے ملاقات کی۔سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کے فرزند چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زردار ی کے فیصل آباد استقبال کیلئے پیپلز پارٹی کے مقامی رہنماؤں کی جانب سے جگہ جگہ استقبالی کیمپ لگانے کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں خیر مقدمی بینرز اور پیپلز پارٹی کے جھنڈے لگائے گئے ہیں ۔بالخصوص پارٹی چیئرمین کی ریلی کے راستوں پر پارٹی پرچموں اور بینروں کی بہار دیکھی جارہی ہے اگرچہ ضلع کونسل چوک میں اور چاروں جانب پارٹی رہنماؤں کی طرف سے استقبالی بینر لگائے گئے ہیں تاہم ضلع کونسل چوک کچہری کی طرف سے استقبالی بینروں اور پیپلز پارٹی کے بڑی تعداد میں جھنڈے لہرائے گئے ہیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے پہلے دورہ فیصل آباد کے موقع پر پارٹی کے مختلف دھڑوں کو یکجا کرنے کے علاوہ ان کی فعالیت کے حوالے سے آئندہ ملکی اور سٹی تنظیم کے عہدیداروں کے انتخاب کا بھی فیصلہ کرینگے۔بعض خفیہ اداروں کی طرف سے ضلع کونسل چوک میں پیپلز پارٹی کے جلسہ میں حاضرین کی متوقع تعداد 4سے7ہزار بتائی گئی ہے تاہم پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں کا خیال ہے کہ بے نظیر کے صاحبزادے او ر چیئرمین کی آمد پر ہزاروں کی تعداد میں کارکن نکلیں گے۔پارٹی چیئرمین کے دور ے کے موقع پر پیپلز پارٹی کے مختلف گروپوں کے علاوہ پیپلز لیبر ونگ،پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن اور پیپلز ٹریڈرزونگ کے مشاورتی اجلاس اور تیاریاں عروج پر ہیں پارٹی کے کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ دور ہ فیصل آباد ضلع کی سیاست کا رخ تبدیل کرنے کا باعث بنے گا اور ایک بار پھرفیصل آباد ماضی کی طرح پیپلز پارٹی کا قلعہ بنے گا دوسری جانب مخالف سیاسی جماعتوں بالخصوص حکمران مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں کا کہناہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ دورہ محض بلبلے کی مانند ہوگا پیپلز پارٹی کی سیاست سندھ میں سمٹ کر رہ گئی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کے فیصل آباد میں پارٹی رہنماؤں اور پارٹی کے مختلف ونگز کے وفود سے بھی ملاقات کا پروگرام بنایا گیا ہے ۔خصوصاً پارٹی کے پرانے اور غیر فعال کارکنوں اور رہنماؤں کو پھر سے سیاسی جدوجہد میں فعال اور متحرک کرنے کیلئے ان کی پارٹی قائدین سے ملاقات کو خصوصی اہمیت دی جانے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔اگرچہ فیصل آباد میں بلاول بھٹو زرداری کی آمد اور استقبالیہ ریلی کا پروگرام ایک بجے دوپہر بلوچنی اور3بجے ضلع کونسل چوک طے کیا گیا ہے لیکن محتاط اندازے کے مطابق ان کا یہ جلسہ مغرب کے وقت منعقد ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے

ریلی

مزید : صفحہ اول