مریم نواز نے تمام منی ٹریل ثبوت جمع کرا دئیے، عمران کب معافی مانگیں گے: مسلم لیگ (ن)

مریم نواز نے تمام منی ٹریل ثبوت جمع کرا دئیے، عمران کب معافی مانگیں گے: مسلم ...

اسلام آباد (آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے تو عدالت میں اپنی تمام ٹرانزکشن کی تمام تر تفصیلات ثبوتوں کے ساتھ پیش کر دی ہیں ۔ عمران خان کو وزیر اعظم کے خلاف چھوٹی پٹیشن کا جواب مل گیا ۔ اب عمران خان کب مریم نواز سے کب معافی مانگیں گے ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 52 کروڑ روپے ٹیکس میں ڈیکلیئر کر دیئے گئے ہیں اب عمران زکواۃ اور خیرات کے نام پر بنائے جانے والے شوکت خانم ہسپتال کے 7 ملین ڈالر کا حساب دیں جو کہ مسقط اور فرانس میں بھیجے گئے ہیں ۔ لیگی راہنما طلال چودھری نے کہا کہ عمران خان جواری کرکٹر ہیں اب وہ عوام میں ہارا ہوا میچ سپریم کورٹ میں آ کر پانامہ کے نام پر جیتنا چاہتے ہیں عمران خان کے پاس باپ اور بچوں کا حساب نہیں مگر شریف فیملی اپنے پوری تین نسلوں کا حساب عدالت میں پیش کر رہی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے جو وزیر اعظم کے خلاف غلط بیانی کی تھی اس کے دستاویزات عدالت میں پیش کر دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے آج اپنی ٹرانزکشن کی تمام تر تفصیلات عدالت میں پیش کر دی ہیں جو کہ ان کو خود مختار ظاہر کرتی ہیں۔ جس کے بعد عمران خان کو تمام تر جھوٹی پیٹیشنز کا جواب مل گیا ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کنٹینر پر کھڑے ہو کر جھوٹے الزام لگانے کی عادت ہے جس کے بعد وہ فوری طور پر معافی بھی مانگ لیتے ہیں اب وہ مریم نواز سے کب معافی مانگیں گے ۔عدالت میں جھوٹ بولنے پر قانونی تقاضوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے ۔عمران پارلیمنٹ میں لہرائے گئے الزامات کا ثبوت دیں اور عدالت کے باہر اپنی عدالت نہ لگائیں اگر وہ فریقوں کے درمیان معاہدے پر اعتراض ہے کہ وہ ثبوت پیش کریں ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن اور دیگر ادارے ختم کر دیئے ہیں ۔وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اب مخالفین کے پاس صرف رونے کے علاوہ کچھ بھی باقی نہیں رہا چند روز میں سچ اور جھوٹ سامنے آ جائے گا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ جو پی ٹی آئی والے ہماری کرپشن پر بات کرتے ہیں وہ پہلے 7 ملین ڈالر کا حساب دیں جو شوکت خانم کے مسقط اور فرانس میں بھیجے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست ختم ہو چکی ہے اب بس اس پر عدلیہ کی مہر لگنی باقی ہے کیونکہ ان میں اجتماع شعور باقی نہیں رہا اور عوام ان کا جھوٹ اور سچ جان چکے ہیں ۔ آج پاکستان کی معیشت کو بین الاقوامی طور پر سراہا جا رہا ہے اور پاکستان خطے میں تیز ترین ملکوں کی ترقی میں شامل ہے ۔ہم نے دہشتگردی کا خاتمہ کر کے کراچی میں امن قائم کیا لیکن اس کے بدلے میں عمران خان نے گولی گلوچ اور الزامات کے علاوہ کچھ نہیں کیا ۔جلد ہی وزیر اعظم پانامہ لیکس کے کیس میں بھی سرخرو ہوں گے اور 2018 سے لے کر 2023 تک وزیر اعظم رہیں گے ۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ 52 کروڑ روپے ٹیکس میں ڈکلیئر ہیں اور سب کے سامنے ہے ہم نے عدلیہ پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا اور انصاف کی توقع کر رہے ہیں مسلم لیگ(ن) کے راہنما طلال چودھری نے کہا کہ جس طرح عدالت میں کیس آگے بڑھتا جا رہا ہے اسی طرح مخالفین کو مایوسی ہوتی جا رہی ہے اگر پی ٹی آئی والے اسی طرح ریگولر سکول میں جاتے تو وہ جھوٹ نہیں بولتے اور عدالت کی طرح پی ٹی آئی اراکین ریگولر پارلیمنٹ میں جاتے تو آج عوام کے مسائل حل ہو جاتے ۔عمران خان کو کرکٹ میں جوا کیھلنے کی عادت تھی اسی طرح عمران خان پانامہ کے نام پر عوام میں ہارا ہوا میچ سپریم کورٹ میں جیتنا چاہتے ہیں لیکن یہاں بھی وہ جوا سے جیتنے والا میچ ہار جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس باپ اور بچوں کا حساب نہیں لیکن شریف فیملی اپنے تین نسلوں کا حساب عدالت میں پیش کر رہی ہے ۔

مسلم لیگ (ن)

مزید : صفحہ آخر