ایکسائز برانچ نے 15ہزار غیر نمونہ نمبر پلیٹس اتار لیں، 2دن کی وارننگ، بغیر ٹوکن ٹیکس 5سو گاڑیوں کو جرمانے

ایکسائز برانچ نے 15ہزار غیر نمونہ نمبر پلیٹس اتار لیں، 2دن کی وارننگ، بغیر ...

لاہور(سپیشل رپورٹر)ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موٹر رجسٹریشن برانچ لاہور ریجن کا غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن ، 15ہزار نمبر پلیٹس ، 500 گاڑیوں کو ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی پر100فیصدجرمانہ جبکہ20اپلائیڈ فار گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز ڈائریکٹر موٹررجسٹریشن ریجن سی لاہورمحمد آصف کی سربراہی میں لاہور کے مختلف علاقے جن میں لبرٹی ، گلبرک ،راوی چوک، باغبانپورہ ،موٹروے ،جوہرٹاؤن، ٹھوکرنیاز بیگ وغیرہ شامل ہیں میں تشکیل دی جانے والی 24ٹیموں نے غیر ممنوعہ نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 15ہزار غیر ممنوعہ نمبرپلیٹس قبضہ میں لے لیں اورانہیں 2روز کے اندر کمپیوٹرائیزڈ نمبر پپلیٹ حاصل کرنے کی وارننگ دی گئی ہے جبکہ 500گاڑیوں جنہیں ٹوکن ٹیکس کی عدم آدائیگی کے باعث 100فیصد موقع پر جرمانہ بھی کیا گیا ہے ،اس کے ساتھ ساتھ 20بڑی گاڑیاں جن میں لینڈ کروزر ،مرسڈیز وغیرہ شامل ہیں کوتحویل میں لے لیا گیا ہے ۔ڈائریکٹر موٹر رجسٹریشن برانچ ریجن سی لاہور محمدآصف کا کہنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جارہا ہے اور ان کی زیرنگرانی ٹیم اس ضمن میں شب وروز انتھک محنت کے ساتھ کارروائی کررہی ہے ،ڈائریکٹر آصف نے مزید کہا کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ڈی آئی جی آپریشنز اور سیکرٹری ایکسائز کی میٹنگ میں فینسی نمبر پلیٹس کے خلاف بھرپور ایکشن لینے کے لئے میری سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ بالا گاڑیوں کی نمبرپلیٹس کو قبضہ میں لینے کے ساتھ ساتھ اپلائیڈ فار گاڑیوں کو اپنی تحویل میں بھی لیا ہے ۔

غیر نمونہ نمبر پلیٹس

مزید : صفحہ آخر