واپڈا میں ریفرنڈم اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق کروایا جائے: لیبر یونین

واپڈا میں ریفرنڈم اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق کروایا جائے: لیبر ...

لاہور(خبرنگار) صوبائی حکومت پنجاب کو پاکستان کے آئین کے مطابق مرکزی لیبر قانون صنعتی تعلقات ایکٹ 2012 اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ کے مطابق محکمہ بجلی واپڈا قومی ادارہ میں ریفرنڈم صرف قومی سطح پر انعقادکرنے کے حکم کی پاسداری کرے اور پنجاب حکومت اس قومی ادارہ کے ایک لاکھ پچاس ہزار کارکنوں کو سولہ کمپنیوں میں تقسیم کرکے مقامی سطح پر علیحدہ علیحدہ ریفرنڈموں میں اتحاد کو پارہ پارہ نہ کرے کیونکہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور میں بنیادی اْصولوں کے مطابق اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کی روشنی میں ریاست میں رنگ و نسل ، علاقائی تعصب اور مذہبی فرقہ بندی سے بلند ہوکر قوم کو ایک جھنڈے تلے متحد ہونے کے اْصولوں کی سربلندی کی اشد ضرورت ہے۔محکمہ بجلی واپڈا بحیثیت قومی ادارہ تمام صوبوں میں قومی اقتصادی اتحاد کو تقویت دیتا ہے محنت کشوں کی مرکزی سطح پر تنظیم سازی اْن کے قومی اتحادسے اْن کی جدوجہد کو معاشرہ میں سماجی انصاف اور جمہوریت کے حصول کی جدوجہد کے اْصول کے لئے اہم طاقت ہیں ۔یہ مطالبات ایک قرار داد کے ذریعے محکمہ بجلی واپڈا کے ہزاروں کارکنوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام وزیراعلیٰ ہاؤس پنجاب کے سامنے منعقدہ احتجاجی ریلی میں کئے ۔ احتجاجی ریلیاں پشاور، اسلام آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، حیدر آباد، کوئٹہ ودیگر شہروں میں محکمہ بجلی واپڈا کے کارکنوں نے منظم ہوکرمنعقد کیں اس ریلی میں محکمہ بجلی واپڈا کے کارکنوں نے شرکت کرتے ہوئے قومی سطح پر محنت کشوں کے اتحاد کے مفاد کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبائی حکومت سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلہ پر عمل کراتے ہوئے ایک ریفرنڈم کا انعقاد کرائیں اور اس قومی ادارہ کی توڑ پھوڑ کرکے اسے سولہ کمپنیوں کے ذریعے پارہ پارہ نہ ہونے دیں۔ احتجاجی ریلی کی قیادت بزرگ مزدور راہنماء خورشیداحمدجنرل سیکرٹری یونین ہذا نے کی۔ اْن کے ہمراہ عبدالشکور،محمد یونس کمبوہ، مظفر متین،چوہدری مقصود احمد، حاجی محمد لطیف، چوہدری جاوید،نوشیر خان، ظفرشاہ، دلاور خان، رانا اختر، رانا محمد اکرم، ملک زبیر، اْسامہ طارق سیکرٹری آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن ودیگر نمائندگان یونین نے شرکت کی۔اس موقع خورشیداحمد جنرل سیکرٹری نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی پالیسی پر شدید غم وغصہ کا اظہار کیا ۔ اْنہوں نے محنت کشوں اور ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی کہ وہ غریبوں اور محنت کشوں کے مسائل حل کرنے کے لئے قومی اقتصادی خودکفالت کی پالیسی اپنائیں جس سے ملک میں دہشت گردی ، غربت، بے روزگاری اور امیر وغریب کے مابین فرق دور ہو اور محنت کشوں کے اتحاد کو مضبوط کرنے کے قوانین کی خلاف ورزی نہ ہونے دیں اْنہوں نے کہا کہ واپڈا محکمہ بجلی کے ایک لاکھ پچاس ہزار کارکن ریفرنڈم میں قومی اتحاد کی مخالف قوتوں کو ماضی کی طرح شکست دیکر اپنی جدوجہد کو کامیاب کرکے دم لیں گے۔

مزید : صفحہ آخر