توہین رسالت ﷺ کے قانون میں ترمیم برداشت نہیں،عبدالرحمن سلفی

توہین رسالت ﷺ کے قانون میں ترمیم برداشت نہیں،عبدالرحمن سلفی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت غرباء اہلحدیث مولانا عبدالرحمن سلفی نے کہا ہے کہ توہین رسالت ﷺ کا قانون قومی اسمبلی سے متفقہ طور پر منظور شدہ ہے اور اس پر اسلامی نظریاتی کونسل سمیت تمام مکاتب فکر کا اجماع ہے۔ لہذا اس قانون میں ترمیم یا مزید اصلاح کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔حکومت اس حساس مسئلہ کو نہ چھیڑے ورنہ دینی جماعتوں کے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ وہ مرکزی آفس پر علماء واراکین مجلس شوریٰ سے خصوصی خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر مولانا حافظ محمد سلفی ٗ مولانا شیخ محمد انس مدنی ٗ مولانا عبدالوکیل ناصر ٗ علامہ عبداللہ محمد یٗ و دیگر موجود تھے ۔مولانا عبدالرحمن سلفی نے مزید کہا کہ اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد و عالمی تاقتوں کی اسلامی ممالک میں جاری سازشوں و دہشت گردی کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کرے گا ۔اس کی مخالفت کا کوئی جواز نہیں ۔انہوں نے امریکہ میں مسجد کو نذر آتش کرنے کے واقعہ کو کھلی دہشت گردی قرار دیا اور اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ مغربی ممالک میں اس قسم کے واقعات کا نوٹس لیں ۔انہوں نے کراچی میں ممتاز عالم دین مولانا سلیم اللہ خان کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا ۔اس موقع پر مولانا شیخ انس مدنی نے کہا کہ علماء کو مسلک وفقہ سے بالاتر ہوکر اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے متفقہ جدوجہد کرنی چاہیے کیونکہ ہمارے مسائل کا حل صرف اسلامی قوانین کے عملی نفاذ میں ہی ہے۔ آج ملک میں کرپشن ٗ لوٹ مار و جرائم کی شرح بڑھتی جارہی ہے عوام کے نام پر آنے والی ہر حکومت عوامی مسائل و مشکلات سے لاتعلق ہوجاتی ہے ہر سرکاری ادارہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے لیکن حکومت کوئی نوٹس نہیں لیتی جس سے عوام کے مسائل رشوت دیئے بغیر حل نہیں ہورہے ہیں ۔ وزیراعظم و صوبائی وزیراعلیٰ کو نوٹس لینا چاہیے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر