آئندہ سال 90 فیصد پاکستان لوڈشیڈنگ فری ہوگا‘ یونس ڈھاگا
ملتان (سٹاف رپو رٹر)وفاقی سیکرٹری برائے پانی وبجلی محمد یونس ڈھاگا نے کہا ہے کہ حکومت لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہے ۔ بجلی کے پیداواری منصوبوں کے ساتھ ساتھ ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کو بھی اپ گریڈ کیاجارہاہے تاکہ بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں کوئی رکاوٹ (بقیہ نمبر57صفحہ12پر )
پیدانہ ہو ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں چےئرمین میپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز خالد مسعود خان، جوائنٹ سیکرٹری ٹرانسمیشن وزارت پانی وبجلی ظفر عباس، چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر مسعودصلاح الدین، جنرل منیجر ایم اینڈ ایس پیپکو خالد نذیر، جنرل منیجر ریونیواینڈ کمرشل آپریشن محمد سلیم، ڈائریکٹرفنانس پیپکو ندیم خان ، ڈائریکٹر آر اینڈ سی او میرحسن ، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی ٹی سی توقیر حسن بخاری، ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس میپکو محمد نعیم اللہ، چیف انجینئرز سرفرازاحمد ہراج، شاہد حمید چوہان، سرفرازاحمد خان، محموداحمد خان اور میپکو کے تمام شعبوں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی ۔وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ میپکو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے بجلی چوری کی روک تھام کے لئے میپکو کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو کی ڈسٹری بیوشن سسٹم کی مینٹی نینس کے لئے الگ شعبہ بنانے کی تجویز کو سراہا اور اس پر ورکنگ کرکے جامع پروگرام بنانے کی ہدایت کی سیکرٹری پانی وبجلی نے میپکو ہیڈ کوارٹر میں نیٹ میٹرنگ منصوبے کا بھی افتتاح کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کی پیداوار کے متبادل منصوبوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے سیکرٹری پانی وبجلی نے میپکو ہیڈکوارٹر میں نوتعمیر شدہ سپورٹس کمپلیکس کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ سپورٹس صحت مند ماحول فراہم کرنیکا ذریعہ ہیں ۔دریں اثنا وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگہ نے ایوان صنعت و تجارت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال سے80سے90فیصد پاکستان لوڈشیڈنگ فری ہوگا‘ دو نیوکلیئر پلانٹس سے بھی بجلی کا حصول ہونے والا ہے‘ہم نیپرا سے بات کریں گے کہ اگر انڈسٹری یا تجارتی صارفین پری پیڈ میٹر لگوالیں جس کی وہ ایڈوانس پیمنٹ کریں تو ان کو ٹیرف میں رعایت دی جائے گی ‘ایوا ن صنعت و تجارت کے صدر خواجہ جلال الدین رومی نے خطاب میں کہا کہ تسلسل سے چلنے والی انڈسٹری کو لوڈشیڈنگ فری قرار دیاجائے‘زرعی اور ایس ایم ای سیکٹر کو دن میں ایک دفعہ مسلسل بجلی دی جائے اور میپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں ایوان صنعت و تجارت کو نمائندگی دی جائے۔