پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال ،پاکستانی اور سعودی حکومت کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے

پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال ،پاکستانی اور سعودی حکومت کے درمیان معاہدے پر ...
پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال ،پاکستانی اور سعودی حکومت کے درمیان معاہدے پر دستخط ہو گئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن )سعودی حکومت نے پاکستان کا پرانا حج کوٹہ بحال کر دیا ،  پاکستان اور سعودی حکومت کے درمیان حج سکیم 2017ءکے معاہدے پر دستخط ہو گئے ۔

تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر حج اور پاکستانی وزیر مذہبی امور آج حج 2017ءکےلئے معاہدے کی یاداشت دستخط ہو گئے جس کے بعد سعودی حکومت نے حرم کی توسیع کی وجہ سے پاکستان کا کم کیا گیا 20فیصد حج کوٹہ بحال کردیا۔ رواں سال پاکستان سے 1لاکھ 79ہزار 210عازمین فریضہ حج پر سعودی عرب جائیں گے ۔پاکستان اور سعودی حکام میں مذاکرات سعودی عرب میں ہوئے ۔واضح رہے کہ مسجد الحرام کی توسیع کے دوران دیگر اسلامی ممالک سمیت پاکستان کے حج کوٹہ میں بھی 20 فیصد کمی کی گئی تھی اور پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 43 ہزار 368 کر دیا گیا تھا تاہم سعودی حکومت نے پاکستان کا تخفیف شدہ حج کوٹہ بحال کر دیا ہے، اس طرح حج 2017ءمیں ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریںگے۔

ایران میں آتشزدگی کے بعد 17منزلہ عمارت زمین بوس ، 30فائر فائٹر ہلاک

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی سیکرٹری خالد مسعود چودھری ،جوائنٹ سیکرٹری طاہر احسان، ہوپ کے چیئرمین حاجی ثناءاللہ اور ان کے وفد نے عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی۔ ڈی جی حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی کی قیادت میں وفد نے آج سعودی وزیر حج سے ملاقات کی۔ حج 2017ءکا ایم او یو سائن ہونے کے بعد وفاقی وزیر نے وفد کے ہمراہ موسسہ جنوبی ایشاءکے چیئرمین سے ملاقات کی اور حج 2018ءکےلئے سرکاری سکیم کے حجاج کے لئے مکتب فائنل کیا۔ 22جنوری تک وفد سعودی حکام سے ملاقاتیں کرے گا اس کے بعد وفاقی وزیر ریاض جائیں گے جبکہ وفاقی سیکرٹری اور جائنٹ سیکر ٹری مدینہ جائیں گے 25جنوری کو وفد ایم او یو سائن کرنے کے بعد اسلام آباد واپس پہنچے گا۔

دوسری طرف وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمران صدیقی نے سعودی عرب سے ٹیلیفون پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی وزارت حج کے درمیان حج معاہدہ 2017ء کے حوالے سے تفصیلی مذاکرات ہوئے ہیں جس میں نہ صرف انہوں نے پاکستان کے حج کوٹہ میں پہلے سے کی گئی 20 فیصد تخفیف ختم کر دی ہے بلکہ انہوں نے کہا ہے کہ اگر پاکستان میں مردم شماری ہو جاتی ہے تو وہ معتمر عالم اسلامی کے لئے مزید حج کوٹہ لینے کے لئے بھی درخواست دے سکتا ہے جس پر غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حج مذاکرات میں بائیو میٹرک سسٹم کو بہتر بنانے اور موبائل فون سموں سمیت مشاہر کے حوالے سے کمی کوتاہی کو دور کرنے کے عزم کا سعودی وزارت حج کی جانب سے اظہار کیا گیا۔ گزشتہ حج کے موقع پر حرم میں ہونے والے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین کو معاوضہ کی عدم ادائیگی کے معاملہ پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ سعودی وزارت حج نے یقین دلایا ہے کہ اس مسئلہ کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستانی حج مشن کے حوالے سے بھی امور زیر غور لائے گئے ہیں۔ سعودی وزارت حج نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ عمران صدیقی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے حج کوٹہ میں اضافہ ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم کی دعائیں رنگ لائی ہیں اور  ہمارا یہ مطالبہ تسلیم کرلیا گیا ہے۔یاد رہے کہ  گزشتہ سال بھی پاکستان  نے حج کوٹہ میں تخفیف ختم کرنے کی درخواست کی تھی جو قبول نہیں ہوئی تھی۔

مزید :

عرب دنیا -