بھارتی وزیر اعظم کا اوبامہ کو آخری ٹیلی فون،تعلقات بہتر بنانے پر شکریہ ادا کیا،مودی نے ڈونلڈ ٹرمپ سے امیدیں لگالیں
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر باراک اوبامہ کو آخری ٹیلی فون کرکے دونوں ممالک کے تعلقات مضبو ط بنانے میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے،دونوں رہنماﺅں نے رشتے مضبوط ہونے کی امید ظاہر کی ہے،مودی نے ڈونلڈ ٹرمپ سے امیدیں لگالیں۔
امریکہ کے صدر باراک اوبامہ نے انڈیا اور امریکہ کے تعلقات کو مضبوط کرنے کی ان کی کوششوں میں ساتھ دینے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وہائٹ ہاوس کے ایک بیان کے مطابق صدر اوباما نے مودی کو بدھ کی شام فون کیا ہے، انھوں نے دفاع، سول جوہری توانائی اور تجارتی تعلقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات کو مستحکم کرنے میں ان کی ’پارٹنر شپ‘ کے لیے شکریہ ادا کیا۔
ؒبرطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماوں نے اپنی بات چیت میں گذشتہ برس کے دوران دونوں ملکوں کے تعلقات میں ہونے والی جامع پیش رفت پر اطیمنان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ رشتے مزید وسیع ہوں گے۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے نیا ریکارڈ بنا کر قوم کا سرفخر سے بلند کردیا
ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی نے بھارت اور امریکہ کے درمیان سٹریٹیجک پارٹنر شپ بالخصوص دفاعی اشتراک کے لیے صدر اوباما کا شکریہ ادا کیا۔
براک اوباما اور مودی کی پہلی ملاقات سنہ 2014 میں وہائٹ ہاوس میں ہوئی تھی، اس کے بعد دونوں رہنما آٹھ بار ملاقات کر چکے ہیں،صدر اوباما نے وزیر اعظم مودی سے اپنی مختصر الوداعی بات چیت میں سنہ 2015 کے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں مہمان خصوصی کے طور پر اپنی شرکت کو یاد کرتے ہوئے 26 جنوری کو ہو نے والی تقربیات کے لیے پیشگی مبارکباد دی تھی۔
واضح رہے صدر اوباما 20 جنوری کو اپنے عہدے کی مدت پوری کررہے ہیں،نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کل اپنے عہدے کا حلف لے رہے ہیں، بھارت کو یہ امید ہے کہ ٹرمپ کی صدارت میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مستحکم ہو سکتے ہیں۔