مہندرا سنگھ دھونی کی 4سال بعد سینچری ،سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے ،شاہد آفریدی کے قریب پھٹکنے کے لئے اپنے سارے بال سفید کرنے پڑیں گے

مہندرا سنگھ دھونی کی 4سال بعد سینچری ،سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پہلے ...
 مہندرا سنگھ دھونی کی 4سال بعد سینچری ،سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے ،شاہد آفریدی کے قریب پھٹکنے کے لئے اپنے سارے بال سفید کرنے پڑیں گے

  

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج وکٹ کیپر بیٹسمین مہندر سنگھ دھونی نے جب سے کپتانی سے استعفیٰ دیا تب سے ہی اس بات کی قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ ’’کپتانی کے بوجھ سے آزادی‘‘ ملنے کے بعد شائقین کرکٹ کو ان کا بے خوف سٹائل اور جارحانہ بلے بازی دیکھنے کو ملے گی،ان قیاس آرائیوں کو اس وقت اور زیادہ تقویت مل گئی جب یوراج سنگھ نے انگلینڈ کے ساتھ ون ڈے سیریز شروع ہونے سے پہلے سابق کپتان کے ساتھ ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دونوں میدان میں’’ جارحانہ سٹائل‘‘ میں کھیلتے نظر آئیں گے، تاہم گوروں کے ساتھ پہلے ون ڈے میں یہ جوڑی کچھ خاص نہیں کر سکی لیکن دوسرے ون ڈے میں دھونی اور یوراج نے جارحانہ سٹائل میں کرکٹ کھیلتے ہوئے انگلینڈ کے باؤلروں کی جم کر دھنائی کی۔

کیریئر کی ابتدائی دور ہی سے لمبے چھکے لگانے کے لئے مشہور رہے مہندر سنگھ دھونی کے اندر چھپا ’’ماضی کا جارح مزاج بلے باز ‘‘دوسرے ون ڈے میں میدان میں نظر آیا اور 4سال بعد 122گیندوں پر134رنز کی تیز ترین سینچری بنانے کے ساتھ ساتھ کئی ریکارڈ بھی اپنے نام کے ساتھ جوڑ لئے ۔دھونی نے میچ میں 10چوکوں اور6چھکے لگا کر سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پہلے ہندوستانی کرکٹر بن گئے ہیں ، سابق بھارتی کپتان دھونی نے اب تک ون ڈے کیرئیر میں 203چھکے لگا کر یہ ریکارڈ اپنے نام درج کروایا ،دھونی کے بعد ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کا نام آتا ہے جنہوں نے اپنے ون ڈے کیرئیر میں195 چھکے لگائے ہیں۔بھارت کے لئے ون ڈے میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں میں دھونی اور ٹنڈولکر کے بعد سارو گنگولی (189)، یوراج سنگھ (150)، وریندر سہواگ (131)، سریش رائنا (120) اور روہت شرما (117) کا نمبر آتا ہے۔دنیا میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کے معاملے میں مہندر سنگھ دھونی چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں لیکن سابق بھارتی کپتان پاکستان کے’’بوم بوم ‘‘ شاہد آفریدی کا ریکارڈ توڑنے کے لئے اپنی باقی ماندہ کرکٹ کھیل کر بھی ’’پاکستانی سٹار ہٹر ‘‘ کے ریکارڈ کو نہ توڑ سکیں ۔دنیا ئے کرکٹ کے ایک روزہ میچوں میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ پر شاہد آفریدی کا ’’قبضہ‘‘ ہے جنہوں نے سب سے زیادہ (351) چھکے لگائے ہیں،سب سے زیادہ چھکے لگانے والی ٹاپ ٹین یا ٹاپ فائیو فہرست ملاحظہ کی جائے تو شاہد آفریدی کا ریکارڈ ٹوٹنا مستقبل قریب میں ٹوٹتا سردست مشکل نظر آتا ہے ۔ بوم بوم آفریدی کے بعد سری لنکا کے سانتھ جے سوریاکا نام آتا ہے، انہوں نے ون ڈے کیرئیر میں 270 چھکے لگائے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 238 چھکے لگا کر تیسرے مقام پر ہیں۔ون ڈے میچوں میں مہندرا سنگھ دھونی کے بعد نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم (200) کا نمبر آتا ہے۔

مزید : کھیل