صباقمر بھارتی ایوارڈ ”فلم فیئر“ میں بہترین اداکارہ کیلیے نامزد
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کی فلم انڈسٹری میں ”ہندی میڈیم “سے قدم رکھنے والی نامور پاکستانی ا داکارہ صباقمر کو بھارت کے معتبر ایوارڈز ”فلم فیئر“میں بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
فلم فیئر کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق صبا قمر کو فلم”ہندی میڈیم“کے لیے بہترین اداکارہ کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، صبا قمر کے علاوہ اسی کیٹیگری میں عالیہ بھٹ فلم”بدری ناتھ کی دلہنیا“، بھومی پانڈیکر”شبھ منگل ساودھان“، سری دیوی”موم“، ودیا بالن”تمہاری سلو“ اور زائرہ وسیم”سیکریٹ سپراسٹار“کے لیے نامزد ہیں۔
صبا قمر نے فلم فیئر ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کے لیے نامزد کیے جانے پر انسٹاگرام پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ”ہندی میڈیم“میں صبا قمر کی جاندار اداکاری کو بھارتی عوام کے ساتھ تنقید نگاروں کی جانب سے بھی بےحد سراہا گیا تھااور فلم میں ان کے مقابل مرکزی کردارادا کرنے والے اداکار عرفان خان نے فلم کی کامیابی کا سہرا صبا قمر کے سر سجاتےہوئے کہا تھا کہ فلم میں یہ بہت ضروری ہوتا ہے کہ آپ کے مقابل کون ہے کیونکہ دونوں کی کیمسٹری فلم کو کامیاب کروانے میں اہم کردار اداکرتی ہے۔